Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وادی الدواسر؛ گودام میں ہولناک آتشزدگی پر قابو پالیاگیا

متاثرہ مقام پرکولنگ کا عمل جاری ہے(فوٹو، سبق نیوز)
شہری دفاع کے فائرفائٹنگ یونٹ نے وادی الدواسرمیں گاڑیوں کے سامان کے گودام میں لگنے والی ہولناک آتشزدگی پرکئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد قابو پالیا۔
آتشزدگی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ متاثرہ گودام میں کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق وادی الدواسر کمشنری میں شاہراہ عام پر واقع وسیع و عریض گودام جہاں گاڑیوں کے پارٹس اورڈیکوریشن کی اشیا اسٹور کی جاتی تھیں ہفتے کی شام اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی۔
آگ اس قدر ہولناک تھی کہ اس سے اٹھنے والا سیاہ دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا جبکہ بلند ہونے والے شعلوں کی تپش نے ٹین کی چادروں کو بھی پگلا دیا ۔

 بلند ہوتے شعلے اور دھواں میلوں دور سے دکھائی دے رہا تھا(فوٹو، سبق نیوز)

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز کے مخصوص یونٹ متاثرہ مقام پر پہنچ گئے جنہوں نے فوری طور پر آگ بجھانے کی کارروائی کا آغاز کیا۔
متاثرہ گودام سے ملحق گوداموں کو بچانے کے لیے ان پر مخصوص کیمیکل کا اسپرے کیا گیا۔
آگ بجھانے کی کارروائی میں شہری دفاع کے ساتھ علاقے کی پولیس ، محکمہ بجلی اور دیگر متعلقہ شعبوں کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
شہری دفاع کی ٹیموں نے کئی گھنٹے کی جدوجہد کے بعد بالاخر ہولناک آتشزدگی پر قابو پالیا۔
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ۔ گودام میں کولنگ کا عمل مکمل کرنے کے بعد وجہ معلوم کرنے کےلیے مخصوص یونٹ کارروائی کا آغاز کرے گا۔

شیئر: