Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کا خدشہ، بورس جانس دوبارہ قرنطینہ میں

’بورس جانسن معمول کے کام اپنے ڈاؤننگ سٹریٹ والے گھر سے جاری رکھیں گے۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ وہ بالکل ٹھیک ہیں اور ان پر کورونا کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوئیں، لیکن انہوں نے کورونا سے متاثرہ ایک شخص سے ملاقات کے بعد خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق بورس جانسن نے ٹوئٹر پر  پوسٹ کی گئی اپنی ایک ویڈیو میں کہا کہ ’قصائی کے کتے کی طرح صحتمند ہوں، بہت اچھا محسوس کر رہا ہوں، مجھے یہ مرض پہلے لاحق ہو چکا ہے اور اینٹی باڈیز کی بھی کمی نہیں ہے۔‘
بورس جانسن نے کا کہنا تھا کہ وہ اپنے معمول کے کام ڈاؤننگ سٹریٹ والے گھر سے جاری رکھیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ہمیں وائرس کو پھیلنے سے روکنا ہے اور اس کا ایک طریقہ یہ ہے کہ اگر ہمارا کورونا کے مرض میں مبتلا کسی شخص سے میل ملاپ ہوتا ہے تو ہم خود کو 14 دن کے لیے قرنطینہ کر لیں۔‘
یاد رہے کہ رواں برس بورس جانسن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور انہیں ہسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔
اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے جمعرات کو انہوں نے ڈاؤننگ سٹریٹ میں ایم پیز کے ایک گروپ سے ملاقات کی تھی اور ان میں سے ایک شخص پر کورونا کی علامات ظاہر ہونا شروع ہو گئی تھیں اور بعد میں اس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔
برطانیہ کورونا وائرس سے بری طرح متاثر ہوا ہے اور وہاں کورونا متاثرین کی تعداد 12 لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور 50 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

شیئر: