سعودی ہلال احمر کے رضا کار زائرین کی خدمت میں پیش پیش
سعودی ہلال احمر کے رضا کار زائرین کی خدمت میں پیش پیش
منگل 17 نومبر 2020 19:35
عمرہ کی اجازت ملتے ہی رضاکار خدمت کرنے کے لیے بے چین تھے۔(فوٹو عرب نیوز)
سعودی ہلال احمر نے تصدیق کی ہے کہ رواں سال مکہ مکرمہ کی عظیم الشان مسجد الحرام میں زائرین کو رضاکارانہ خدمات پیش کرنے کے لیے اہم قدم اٹھایاگیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق کورونا وائرس کے باعث مسجد الحرام کو زائرین کے لیے چند ماہ بعد دوبارہ کھولنے کے ساتھ ہی ہلال احمر کے رضاکار عمرہ اور نماز کے لیے آنے والوں کو خصوصی خدمات پیش کر رہے ہیں۔
کورونا وائرس سے بچاو کے ایس او پیز کے مطابق زائرین اور عمرہ کے لیے آنے والوں کی صحت کی حفاظت کے باعث رضاکاروں کی تعداد محدود رکھی گئی ہے۔
مکہ مکرمہ میں سعودی ہلال احمر کی تنظیم کی ڈائریکٹر حنا الشمرانی نے عرب نیوز کو بتایا ہے کہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے اجازت کے پہلے ہفتے سے ہی رضاکار خدمات پیش کرنے کے لیے بے چین تھے۔
مکہ مکرمہ میں ایس آر سی اے کی ڈائریکٹر حنا الشامرانی نے بتایا کہ عمرہ کے پہلے ہفتے میں ہی ہمارے رضاکار زائرین کی خدمت کے لئے بے چین تھے۔
سعودی عرب کے تمام شہرو ں اور قصبوں سے رضاکاروں نے خدمات پیش کرنے کے لیے درخواستیں بھیجی تھیں تا ہم ابتدائی مرحلے میں موجودہ حالات کے پیش نظر صرف مکہ مکرمہ کے رہائشی رضاکاروں کی درخواستیں ہی منظور کی ہیں تاکہ عازمین کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے معیاری خدمات پیش کی جا سکیں۔
حنا الشمرانی نے بتایا کہ اس وقت ہمارے ساتھ ڈاکٹرز، انجینئرز کے علاوہ صحت سے متعلقہ امور کے ماہرین تقریبا 300 رضاکار ابتدائی طبی امداد اور دیگر خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
بہت سے رضاکار زائرین کورنا وائرس کے پھیلاو سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے لیے ماسک پہننے اور سوشل فاصلے کے بارے میں زائرین کو آگاہ کر رہے ہیں۔
مکہ مکرمہ میں موجوود رضا کار عمرہ کے لیے دیگر ممالک سے آنے والے زائرین کے ساتھ رابطے میں رہتے ہیں۔ ان خدمات کے لیے تعینات رضاکار انگریزی ، اردو اور ترکی زبان کے ساتھ ساتھ دیگر زبانیں بولنے پر بھی عبور رکھتے ہیں تا کہ وہ زائرین کو ان کی زبان میں معلومات فراہم کر سکیں۔
حنا الشامرانی نے مزید بتایا کہ ذیابطیس اور بلڈ پریشر کے مریض تھکاوٹ کا شکار افراد یا کوئی چھوٹا زخم لگ جانے پر بنیادی طور پر ابتدائی طبی امداد مہیا کی جا رہی ہے۔
ہمارے رضاکار ان تمام معاملات میں انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں خدمات پیش کر رہے ہیں اور کسی مسئلے کی سنگینی کے پیش نظر فوری طور پر قریبی ہسپتال سے رجوع کرتے ہیں اور مریض کو ہسپتال پہنچانے میں مدد کر رہےہیں۔
ڈائریکٹر ہلال احمر نے بتایا کہ کورونا وائر کی وبا سے قبل ہمارے رضاکار مکہ مکرمہ میں آنے والے زائرین میں تحائف تقسیم کرتے تھے ۔
تحائف میں تسبیح، جائے نماز اور کھانے پینے کی کچھ چیزیں شامل ہوتی تھیں جو کہ اب کورونا وائرس کی وجہ سے ممکن نہیں ہے۔
اس موقع پرسعودی ہلال احمر تنظیم کے ترجمان عبدالعزیز بادامون نے بتایا کہ گذشتہ جمعہ کو مسجد الحرام میں 4 مختلف مقامات پر20 خواتین اور 26 مرد رضاکاروں نے خدمات پیش کی ہیں۔
رضاکار خواتین خاص طور پر خواتین کے لیے مختص کردہ جائے نماز اور ہال میں زائر خواتین کی مدد کے ساتھ ساتھ انہیں آگاہی بھی فراہم کر رہی ہیں۔