ریاض سے جعلساز گروہ گرفتار، لاکھوں جعلی ریال برآمد
پانچ رکنی گروہ میں ایک سعودی اور چار غیر ملکی شامل ہیں۔(فوٹو تواصل)
سعودی عرب میں ریاض پولیس نے جعلی کرنسی نوٹ اور سرکاری دستاویزات تیار کرنے والے جعلسازوں کے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔
پانچ رکنی گروہ میں ایک سعودی اور چار غیر ملکی شامل ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق ملزمان میں دو ایسے ہیں جن کے پاس کسی ملک کی شہریت نہیں، ایک شامی اور سوڈانی بھی ملوث ہیں۔
ریاض پولیس کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ ’سعودی شہری اپنی رہائش کو جعلی کرنسی اور دستاویزات کے ٹھکانے کے طور پر استعمال کر رہا تھا ‘۔
’مبینہ ٹھکانے سے جعلسازی کے لیے استعمال ہونے والے تمام آلات پر مشتمل لیبارٹری موجود تھی۔ تلاشی کے بعد 25 لاکھ جعلی ریال برآمد ہوئے۔ان میں کچھ سو ریال اور دیگر پانچسو ریال مالیت کے نوٹ تھے‘۔
دریں اثنا ریاض پولیس نے تجارتی مراکز میں چوری کرنے والے تین رکنی گروہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ان کے قبضے سے دو لاکھ 21 ہزار ریال برآمد ہوئے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ ’گروہ میں دو یمنی اور ایک سعود ی شامل ہے۔ ایف آر درج کرکے انہیں پبلک پراسیکیوشن کےحوالے کردیا گیا‘۔