جعلسازی کے الزام میں 7 غیر ملکی عدالت میں پیش
’ملزمان میں سے ہر ایک پر 8 سال قید اور مجموعی طور پر 8 لاکھ ریال جرمانے کا مطالبہ ہوا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی پبلک پراسیکیورٹر نے سرکاری دستاویزات میں جعلسازی کے الزام میں گرفتار 7 غیر ملکیوں کو عدالت میں پیش کر دیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ ’ملزمان کا جرم ثابت کرنے کے لیے تفتیشی عمل مکمل ہوچکا ہے‘۔
’تفتیشی عمل کے دوران 160 مختلف کارروائیاں کی گئیں ہیں جن میں مالیاتی تفتیش، منی لانڈرنگ اور بینک دستاویزات کے علاوہ ملزمان کی بیرون ملک ترسیلات زر کا جائزہ لیا گیا‘۔
’ملزمان نے سرکاری و شناختی دستاویزات میں جعلسازی کے لیے ٹھکانہ بنا رکھا تھا جہاں جعلسازی میں استعمال ہونے والے مختلف آلات ضبط ہوئے ہیں‘۔
پراسیکیوٹر نے بتایا ہے کہ ’ملزمان نے جعلسازی سے ہونے والی آمدنی بیرون ملک روانہ کی ہے جس کی واپسی کے لیے کام ہو رہا ہے‘۔
’ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے ہوئے ان میں ہر ایک پر 8 سال قید اور مجموعی طور پر 8 لاکھ ریال جرمانے کا مطالبہ کیا گیا ہے‘۔