’علاقے کے غنڈے ہر ہفتے تھانے میں آ کر ورزش کریں گے‘
’غنڈوں کو نصیحت کی وہ مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رہیں۔‘ (فوٹو: اے این آئی)
انڈیا کی ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں پولیس نے علاقے کے غنڈوں کو راہ راست پر لانے کے لیے نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔
انڈیا کی سرکاری نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اتوار کو اندور کے راؤ جی بازار پولیس سٹیشن نے غنڈوں کو تھانے بلا کر ان سے ورزش کروائی اور انہیں نصیحت کی وہ مجرمانہ سرگرمیوں سے دور رہیں۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس راجیش ویاس نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد کو کہا گیا ہے کہ وہ ہر اتوار کو تھانے میں حاضری دیں اور اپنی ذاتی معلومات کے حوالے سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ’ایک مہم کا آغاز کیا گیا تھا جس کے لیے طے ہوا تھا کہ علاقے کے بدمعاشوں اور غنڈوں کو ہر اتوار پولیس سٹیشن بلایا جائے گا۔ ان کی انفارمیشن باقاعدگی کے ساتھ اپ ڈیٹ کی جائے گی اور انہیں ہدایت دی جائے گی کہ وہ جرائم کی دنیا سے خود کو دور رکھیں۔‘
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نے مزید کہا کہ ’ہم نے انہیں تھانے میں جسمانی ورزش کرنے کا بھی کہا ہے۔‘
ان کے مطابق اس کا مقصد یہ ہے کہ انہیں جسمانی تندرستی کے حوالے سے آگاہی دی جائے۔
راجیش ویاس کا کہنا تھا کہ ’ورزش کروانے کے حوالے سے غنڈوں کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے۔‘