’میرے چہرے کے دانے اور چربی چھپانے کے لیے ایڈیٹنگ کی گئی‘
جمعرات 26 نومبر 2020 19:53
سمیرا ریڈی نے انسٹاگرام پر اپنے 10 سال پرانے فوٹوشوٹ کی ایک تصویر شیئر کی (فوٹو: سوشل میڈیا)
انڈین اداکارہ سمیرا ریڈی یوں تو اب شوبز انڈسٹری کا حصہ نہیں ہیں لیکن وہ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر خاصی متحرک رہتی ہیں اور کبھی کوکنگ تو کبھی اپنے بچوں کی دلچسپ ویڈیوز شیئر کرتی نظر آتی ہیں جنہیں ان کے مداح کافی پسند کرتے ہیں۔
سمیرا ریڈی باڈی شیمنگ، ذہنی صحت اور خاندانی مسائل جیسے موضوعات پر بھی سوشل میڈیا کے ذریعے آگاہی فراہم کرتی نظر آتی ہیں۔
مسافر، دے دنا دن، میں نے دل تجھ کو دیا اور ریس جیسی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والی سمیرا ریڈی نے انسٹاگرام پر اپنے 10 سال پرانے فوٹوشوٹ کی ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ کافی سمارٹ نظر آرہی ہیں۔
انہوں نے اس تصویر کے ساتھ ایک طویل نوٹ لکھا ہے جس میں انہوں نے یہ انکشاف کیا کہ ان کی اس تصویر میں کافی ایڈیٹنگ کی گئی تھی۔
اس تصویر کے بارے میں سمیرا نے بتایا کہ ان کے چہرے کے دانے، ان کی کمر اور جسم پر چربی چھپانے کے لیے ایڈیٹنگ کی گئی تھی۔
سمیرا ریڈی نے اپنی پوسٹ میں مداحوں سے پوچھا کہ ’کیا آپ کو چربی نظر آ رہی ہے؟ دانے؟ میرے پیٹ پر ڈھلکی ہوئی کھال؟ اصلی کمر؟ میرے جسم کا کون سا حصہ ہے جہاں ایڈیٹنگ نہیں کی گئی؟
انہوں نے اپنے ان سوالوں کا خود ہی جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’2010 میں اس (جسم) کا ہر حصہ (ایڈیٹنگ سے) صاف اور پتلا کیا گیا۔ کاش میرے پاس اصلی، ایڈیٹنگ کے بغیر تصویر ہوتی تاکہ میں دونوں میں فرق دکھا سکتی۔‘
سمیرا ریڈی نے مزید لکھا کہ ’مجھے یہ جاننے میں ایک عرصہ لگا کہ مجھے اپنے جسم سے جیسا یہ ہے، پیار کرنے کی ضرورت ہے اور خود آپ کے سوا کوئی بھی آپ کو یہ اطمینان نہیں دے سکتا۔‘