ملزمان کے ٹھکانے سے 7 مفرور خادماوں کو برآمد کرلیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ریاض پولیس نے گھروں سے خادماؤں کوفرار کرانے والے 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرلیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ نے ریاض پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس کے حوالے سے کہا ہے کہ پولیس اس 4 رکنی گروہ کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی ہے جو خادماوں کو فرار کروا کرانہیں دوسری جگہ عارضی بنیادوں پر نوکری پر لگاتے تھے۔
ملزمان شامی باشندے ہیں جو مفرور خادماوں کو پناہ دیتے اور بعدازِاں انہیں دوسرے لوگوں کے گھر خادمہ کا کام کرنے کے لیے یومیہ ’کنٹریکٹ‘پر فراہم کرتے تھے۔
ملزمان ’افرادی قوت‘ فراہم کرنے والی کمپنی کے طور پر خود کو سوشل میڈیا پر متعارف کراتے تھے اور ارزاں گھریلو ملازمین فراہم کرنے کے دعویدار تھے۔
میجر خالد الکریدیس نے مزید بتایا کہ ملزمان کے ٹھکانے سے 7 مفرور خادمائیں برآمد ہوئیں جو مختلف ممالک سے تعلق رکھتی ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف لوگوں کے اقامہ کارڈ ، بھاری رقم اورمختلف دستاویزات بھی برآمد ہوئیں۔
گروہ کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کا کیس پراسیکیوشن کے ادارے کو بھجوا دیا گیاہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں گھریلوخادمائیں فرار کرانے کا باقاعدہ نیٹ ورک انتہائی منظم انداز میں کام کرتا ہے جن کے ارکان محلوں میں غیر ملکی خادماوں سے مراسم پیدا کرکے انہیں اس بات پر قائل کرتے ہیں کہ وہ اپنے کفیلوں کے پاس سے بھاگ جائیں ۔
جب خادمائیں اپنے کفیلوں کے پاس سے فرار ہوجاتی ہیں تو وہ انہیں دوسرے گھروں میں یومیہ کام کرنے کے لیے لگا دیتے ہیں ۔