Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کہیں ابر ہوگا اور کہیں بادل برسیں گے، مختلف علاقوں میں موسم سرد

متعدد علاقوں میں موسلادھار بارش کا قوی امکان ہے(فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں خزاں کے دنوں میں چلنے والی سرد ہواؤں نے کئی شہروں کے موسم کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
مملکت کے شہریوں نے طویل لاک ڈاؤن کے بعد سردیوں کی آمد کا استقبال کیا ہے جس نے کئی ماہ سے جاری گرم و خشک موسم کا خاتمہ کیا۔

سعودی عرب کے جنوبی علاقے عسیر، نجران اور جازان میں پہاڑوں پر بارش نے ندی نالوں میں بہاؤ کو تیز کیا ہے اور مقامی لوگ موسم کا لطف لینے کے لیے گھروں سے نکلے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سنیچر کو مملکت کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں موسم ابر آلود رہے گا۔
ویب نیوز ’اخبار24‘ کے مطابق ریاض، قصیم ، حائل اور شمالی حدود کے علاوہ مشرقی ریجن میں کہیں تیز جبکہ بعض مقامات پر ہلکی بارش کی توقع ہے۔

محکمے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ جازان ، عسیر ، الباجہ ریجن میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا قوی امکان ہے جس کا سلسلہ مکہ مکرمہ ریجن کے جنوبی ساحلی علاقے تک پھیل سکتا ہے علاوہ ازیں مذکورہ علاقوں میں خاص کر پہاڑی سلسلے میں گہری دھند بھی چھائی رہے گی۔ 

 اس حوالے سے شہری دفاع کی جانب سے لوگوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ شاہراہوں پر خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایت کے ساتھ شہری دفاع کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کے وائپرز کو خاص طورپر چیک کیاجائے کیونکہ شاہراہوں پر سفر کے دوران بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے۔ 

شیئر: