Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ سمیت ساحلی علاقوں میں دو دن تک موسم غیر یقینی

’آج بدھ کو شام کے وقت سے ہی موسمی تغیر شروع ہوگا، درجہ حرارت میں کمی محسوس ہوگی‘ ( فوٹو: طقس العرب)
مکہ مکرمہ اور مدینہ ریجن سمیت سعودی عرب کا مغربی ساحلی علاقہ غیر یقینی موسم کی زد میں رہے گا جہاں آج بدھ سے اتوار تک بارش کی توقع ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’آج بدھ کو شام کے وقت سے ہی موسمی تغیر شروع ہوگا‘۔
’بحیرہ احمر میں تیز ہوا چلے گی جس کے باعث اونچی موجیں اٹھیں گی‘۔
دوسری طرف کنگ عبد العزیز یونیورسٹی میں ماہر موسمیات عبد العزیز ابراہیم الحربی نے کہا ہے کہ ’موسم کے نقشے کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ بخارات کے ذرات کی حامل ہوا بحیرہ احمر میں چلے گی جس سے ساحلی علاقہ متاثر ہوگا‘۔
’اس تغیر کے نتیجے میں تیز بارش کی توقع ہے جبکہ درجہ حرارت میں اچانک کمی محسوس کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’غیر یقینی موسم کے باعث جدہ کے علاوہ رابغ، ثول، شعیبہ، لیث اور قنفذہ زیادہ متاثر ہوں گے جبکہ بعض جنوبی اور شمالی علاقے بھی جزوی طور پر متاثر ہوں گے‘۔
ادھر کنگ عبد العزیز یونیورسٹی نے کہا ہے کہ ’غیر یقینی موسم کے باعث یونیورسٹی کے تمام شعبے آج بدھ کو شام 6 بجے سے بند رہیں گے‘۔
’کل جمعرات کو بھی صرف یونیورسٹی ہسپتال کھلا رہے گا جبکہ باقی تمام شعبے احتیاطی طور پر بند رکھے جائیں گے‘۔
دریں اثنا محکمہ شہری دفاع نے قنفذہ، لیث اور العرضیات کے رہائشیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’علاقہ میں غیر یقینی موسم کے باعث محتاط رہنے کی ضرورت ہے‘۔
’غیر یقینی موسم کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی جبکہ وادیوں کی طرف جانا خطرے سے خالی نہیں ہوگا‘۔
ادھر مدینہ منورہ میں بھی محکمہ شہری دفاع نے خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ریجن میں گرد آلود ہوا چلنے کے باعث حد نگاہ متاثر رہے گی جبکہ ہائی وے کا سفر خطرناک ہوگا‘۔

شیئر: