Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

موسم میں تبدیلی ، بارش اور ژالہ باری کا امکان

بارش کے ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے (فوٹو، سوشل میڈیا)
ماہر موسمیات زیاد الجھنی کا کہنا ہے کہ مملکت میں موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی مختلف شہروں کے موسم میں اچانک تبدیلی کا امکان ہے۔
ویب نیوز ’سبق ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر موسمیات الجھنی نے مزید کہا کہ آئندہ 36 گھنٹے کے دوران بعض شہروں اور علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پرژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
الجھنی نے مزید کہا جمعہ کی صبح سے تبدیل ہونے والے موسم کے اثرات ہفتے کی رات گئے تک رہیں گے۔ مملکت کے مغربی ساحلی علاقے املج ، جدہ کے شمالی علاقے ، رابغ اور ثول کے علاوہ الجوف ، حائل اور حفر الباطن میں کہیں تیز جبکہ کہیں درمیانے درجے کی بارش متوقع ہے۔
ماہر موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ آئندہ آنے والے 2 ہفتے غیر متوقع رہیں گے جس سے مملکت میں موسم سرما کا عملی طور پر آغاز ہو گا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ اور تبوک ریجن میں آئندہ چند گھنٹوں میں بارش کا امکان ہے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شاہراہوں پر سفر کرنے والوں کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پہاڑی وادیوں اور نشیبی علاقوں سے دور رہا جائے خاص کر ایسے مقامات جہاں برساتی پانی سیلابی ریلے کا شکل اختیار کرتے ہیں میں قیام کرنے سے اجتناب برتیں۔

شیئر: