’سعودی عرب ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں ہوگا‘
’سعودی عرب ویکسین حاصل کرنے والے اولین ممالک میں ہوگا‘
اتوار 6 دسمبر 2020 19:05
کورونا ویکسین تیار کرنے والی اہم کمپنیوں سے معاہدے کے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب ان ممالک میں شامل ہے جوسب سے پہلے کورونا ویکسین حاصل کریں گے۔
کورونا کے حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت نے مزید کہا کہ ’سعودی عرب نے ان اہم کمپنیوں سے معاہدے کررکھے ہیں جو کورونا ویکسین پر کام کررہی ہیں‘۔
ویب نیوز ’سبق ‘ کے مطابق ڈاکٹر عبدالعالی نے مزید کہا کہ ’جلد ہی کورونا ویکسین لینے کے طریقہ کار کے بارے میں بھی اعلان کر دیا جائے گا‘۔
ویکسین کے مکمل محفوظ ہونے کی یقین دہانی کی جائے گی(فوٹو، ٹوئٹر)
انہوں نے مزید کہا کہ’یہ ہماری اولین ترجیجات میں شامل ہے کہ اس بات کا مکمل اطمینان کر لیا جائے کہ حاصل کی جانے والی ویکسین کسی بھی قسم کے سائیڈ ایفیکٹ سے محفوظ ہو۔‘
ترجمان صحت نے کہا ’ویکسین کے حوالے سے مکمل طور پر اطمینان کر لینے کے بعد ہی اس کے بارے میں تفصیلی اعلان کیا جائے گا‘۔
مملکت میں کورونا کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان وزارت صحت کا کہنا تھا کہ ’اللہ تعالی کا شکر ہے کہ سعودی عرب کا شمار ان ممالک میں ہوگیا ہے جہاں کورونا کی وبا قابو میں ہے اور حالات تیزی سے بہتری کی جانب رواں دواں ہیں۔‘
احتیاطی تدابیر کے بارے میں پریس کانفرنس میں اٹھائے جانے والے ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ ’وزارت صحت نے جو احتیاطی تدابیر جاری کی ہیں ان پر اسی طرح عمل کیا جائے جیسا کہا گیا ہے کیونکہ احتیاط کے ذریعے ہی اب تک ہم نے اس وبا پر قابو پایا اور آئندہ بھی بہتر نتائج کے منتظر ہیں۔‘
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا کیسز میں یومیہ بنیاد پرغیرمعمولی کمی واقع ہو رہی ہے جبکہ اس مہلک وبائی مرض سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے۔