’کورونا ویکسین لینے سے قبل میڈیکل ٹیسٹ کی ضرورت نہیں‘
’کورونا ویکسین لینے سے قبل میڈیکل ٹیسٹ کی ضرورت نہیں‘
پیر 14 دسمبر 2020 5:31
ویکسین تجرباتی مراحل سے گزر چکی ہے۔ فوٹو اخبار: 24
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین لینے سے قبل کسی ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ویکسین تمام تجرباتی مراحل سے گزر چکی ہے اور بہترین طبی نتائج کی حامل ہے۔
وزارت کے زیر انتظام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر العبدالعالی نے مزید کہا کہ کورونا ویکسین لینے سے قبل بہتر ہوگا کہ مریض اپنی میڈیکل ہسٹری کے بارے میں ڈاکٹرکو مطلع کردے تاکہ معالج کو یہ معلوم ہو سکے کہ مریض کو کون سے دیگر امراض لاحق ہیں۔
ڈاکٹر العبدالعالی کا مزید کہنا تھا کہ سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے کورونا ویکسین کی مملکت کے لیے اسی وقت منظوری دی گئی جب ویکسین کے حوالے سے تمام لیبارٹری تجرباتی مراحل کامیاب ہوئے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے مکمل تحقیق کر لینے کے بعد ہی فائزر کی کورونا ویکسین کو مملکت کے لیے منظور کیا گیا ہے۔
واضح رہے سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کی جانب سے کورونا وائرس کے لیے فائزر کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کو مملکت میں استعمال کی اجازت دی جا چکی ہے۔
اس ضمن میں ویکسین کی امپورٹ کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ وزارت صحت کی جانب سے اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہے۔
ویکسین کی منظوری سے قبل متعلقہ کمیٹی جس میں طب اور شعبہ ادویات کے ماہرین بھی شامل ہیں نے ویکسین کے حوالے سے تمام مراحل کا باریک بینی سے جائزہ لیا ہے جن کی تیار کردہ رپورٹس کے بعد سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے ویکیسن کی مملکت میں درآمد کی اجازت جاری کی۔