بم دھماکے میں کابل کے ڈپٹی گورنر ہلاک، گارڈز زخمی
دھماکے میں ڈپٹی گورنر کے دو گارڈز زخمی ہوئے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ڈپٹی گورنر محبوب اللہ محب ایک بم دھماکے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی میں بم نصب کیا تھا۔
خبررساں اسارے روئٹرز کے مطابق منگل کو محبوب اللہ محب اپنے سکیورٹی گارڈز کے ساتھ جا رہے تھے کہ بم دھماکہ ہو گیا۔
اس حملے میں ان کے دو گارڈز بھی زخمی ہوئے ہیں۔
ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے اس حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔
گذشتہ ہفتے افغان حکومت کے وکیل کو مشرقی کابل میں اس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے دفتر جا رہے تھے۔
حالیہ عرصے میں افغانستان میں صحافیوں سمیت اہم شخصیات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
10 دسمبر کو افغانستان میں نامعلوم مسلح افراد نے جلال آباد شہر میں مقامی ٹی وی چینل کی خاتون صحافی ملالہ میوند کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔