موبائل خریدنا ایک مشکل مرحلہ، کن باتوں کا خیال رکھیں؟
موبائل خریدنا ایک مشکل مرحلہ، کن باتوں کا خیال رکھیں؟
جمعہ 18 دسمبر 2020 6:14
سب سے پہلے تو اس بات کا تعین کر لیں کہ آپ کا موبائل فون خریدنے کا بجٹ کتنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
موبائل فون کا انتخاب کرنا ہمیشہ سے ایک مشکل مرحلہ رہا ہے کیونکہ مارکیٹ میں اتنی زیادہ ورائٹی موجود ہیں کہ سمجھ نہیں آتی کہ کون سا فون خریدا جائے، یہ کام اس وقت مزید مشکل ہو جاتا ہے جب آپ کو اپنی ترجیحات کا علم نہ ہو۔
تاہم ڈیجیٹل ٹرینڈز ویب سائٹ کے مطابق کچھ ایسے طریقے موجود ہیں جن کو استعمال کرتے ہوئے آپ اپنی پسند اور بجٹ کو سامنے رکھتے ہوئے ایک اچھے سمارٹ فون کے مالک بن سکتے ہیں۔
آپ کا بجٹ کیا ہے؟
سب سے پہلے تو اس بات کا تعین کر لیں کہ آپ کا موبائل فون خریدنے کا بجٹ کتنا ہے۔ جیسا کہ آپ جانتے ہیں ایپل کا آئی فون سب سے مہنگا ہے۔ سام سنگ کے فونز مہنگے بھی ہیں اور سستے بھی۔ اسی طرح ہواوے، نوکیا، آنر، ویوو اور ان جیسے مزید کئی سمارٹ فونز موجود ہیں جو آپ اپنے بجٹ کے مطابق خرید جا سکتے ہیں۔
جب آپ موبائل فون خریدنے جاتے ہیں تو سیلز مین کی باتوں کو دھیان سے سنیں اور فون کو اپنے ہاتھوں میں پکڑ کر دیکھیں اور اس کے فیچرز کے بارے میں اچھی طرح سے معلومات حاصل کریں۔ اگر آپ فیچرز کے بارے میں زیادہ نہیں جانتے تو بہتر ہوگا کہ اپنے ساتھ کسی تجربہ کار دوست یا فیملی ممبر کو لے جائیں۔
لیکن اس کے علاوہ آپ آن لائن فورمز پر بھی اپنے مطلوبہ سمارٹ فون کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
کچھ ایسی بنیادی باتیں ہیں جنہیں دھیان میں رکھتے ہوئے کوئی بھی شخص اپنے موبائل فون کا انتخاب کر سکتا ہے۔
ڈیزائن
اگر آپ ایسا موبائل فون چاہتے ہیں جو ایک ہاتھ میں پورا آ جائے تو اس پکڑ کر دیکھیں۔ آج کل بہت سے ایسے فونز ہیں جن کے آگے اور پیچھے شیشہ لگا ہوتا ہے اور ان کے ٹوٹنے کا خدشہ زیادہ ہوتا ہے، لہٰذا ایسے فونز سے اجتناب کریں۔ ایسا ڈیزائن منتخب کریں جو آپ کے دل کو لگے۔
سکرین
سکرین کے حوالے سے ہر کسی کی اپنی پسند ہوتی ہے۔ کسی کو زیادہ بڑی سکرین والا موبائل فون پسند ہے تو کوئی چھوٹی سکرین چاہتا ہے۔ آپ نے کافی وقت فون پر گزارنا ہوتا ہے لہٰذا ایسا فون خریدیں جس کی ریزولوشن ہائی ہو۔
ماہرین فُل ایچ ڈی ریزولوشن تجویز کرتے ہیں جس کے پکسلز 1080x1920/2160 ہوتے ہیں۔ جس فون کے پکسلز 1080 یا اس سے زیادہ ہوں وہ زیادہ شارپ ریزولوشن دیتا ہے۔ ایل سی ڈی سکرین کے بجائے او ایل ای ڈی سکرین کا انتخاب کریں۔
پروسیسر اور ریم
موبائل کی کارکردگی پروسیسر اور ریم پر منحصر ہے اور ان میں سب سے اہم پروسیسر ہے۔ اس کے لیے جدید ترین پروسیسر کا انتخاب کریں چاہے وہ آئی فون ہو یا اینڈرائڈ فون ہو۔
ریم کے حوالے سے بات کی جائے تو ماہرین اینڈرائڈ فون کے لیے کم از کم 4GB ریم والا موبائل خریدنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ آئی فون کے لیے ریم کا خیال رکھنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ اس کا سسٹم الگ طریقے سے کام کرتا ہے۔
کیمرہ
زیادہ تر لوگ موبائل فون خریدتے وقت دیکھتے ہیں کہ اس کے میگا پکسلز کتنے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ جتنے زیادہ میگا پکسلز ہوں شاید فون کا کیمرہ اتنا ہی اچھا رزلٹ دے گا، تاہم اچھی تصویر کھینچے کے لیے سینسر سائز کو دیکھنا چاہیے۔
بیٹری لائف
آج کل ایسے موبائل فونز مارکیٹ میں آ رہے ہیں جن کی بیٹریز کو اتارا نہیں جا سکتا۔ موبائل کا ریویو پڑھیں اور ‘mAh’ ریٹنگ کا جائزہ لیں لیکن اس کے باوجود بیٹری لائف موبائل کی سکرین کے سائز، ریزولوشن اور سوفٹ ویئر پر منحصر ہے۔