72 فیصد خلیجی خوبصورت مقامات کی سیاحت پرجانے کے خواہشمند ہیں(فوٹو سبق)
سعودی عرب میں ویکسینیشن کے آغاز سے کورونا کے حوالے سے عائد پابندیوں کے اٹھائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔
کورونا ویکسین کے حوالے سے لوگوں کا کہنا ہے کہ اب وہ آزادی سے بیرون ملک سفر پر بھی جاسکیں گے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے بعض ٹریول ٹور آپریٹرز کے علاوہ لوگوں سے ان کے خیالات معلوم کیے۔ اس بارے میں ’المسافرٹور‘ کے ڈائریکٹرعبدالرزاق الزھرانی کا کہنا تھا کہ ’کورونا ویکسین لگائے جانے کا آغاز ہوتے ہی بڑی تعداد میں لوگوں نے بیرون ملک سفر کے لیے ٹورز پیکجز کے بارے میں دریافت کرنا شروع کردیا ہے۔
ایک اور ٹورآپریٹر کا کہنا تھا کہ گذشتہ برس کورونا کی وجہ سے کوئی شخص سالانہ تعطیلات گزرانے کے لیے کہیں نہیں گیا، لوگ کورونا کی وجہ سے کہیں نہیں جاسکے تھے اب جیسے ہی مملکت میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز ہوا ہے لوگوں کی بڑی تعداد نے آئندہ برس کےلیے ٹور کی بکنگ کرانا شروع کردی ہے۔
’البتار سیاحت‘ کے ڈائریکٹر صالح السلیم کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے شہریوں کی جانب سے کیے جانے والے ایک سروے میں کہا گیا تھا کہ خلیجی شہری سفری پابندیوں کے اٹھائے جانے کے بڑی شدت سے منتظر تھے۔ اب جبکہ کورونا ویکسین آچکی ہے ایسے میں لوگوں کی امید بھی جاگ گئی ہے۔
ٹور بکنگ کے لیے آنے والے ایک شخص کا کہنا تھا کہ ’کورونا ویکسین وہ آخری کڑی ہوگی جس کے بعد سفر کے حوالے سے تمام پابندیاں اٹھالی جائیں گی اور ہم ایک بار پھر پابندیوں سے قبل کی جانب لوٹ سکیں گے‘۔
سیاحت کے حوالے سے ’دی ڈیٹیلز‘ کمپنی کی جانب سے کیے جانے والے سروے میں کہا گیا ہے کہ 72 فیصد خلیجی ممالک کے باشندے تفریح کے لیے خوب صورت سیاحتی مقامات پر جانے کے خواہش مند ہیں جبکہ 80 فیصد ایسے ہیں جو ایک ہفتے یا اس سے کچھ زیادہ مدت کے لیے سیاحت کرنا چاہتے ہیں۔