Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی نائب صدر نے کورونا ویکسین لگوا لی،ٹرمپ تقریب سے غائب

مائیک پینس کے علاوہ ان کی اہلیہ کو بھی ویکسین لگائی گئی ہے۔ فوٹو اے ایف پی
امریکہ کے نائب صدر مائیک پینس نے بھی کورونا کی ویکسین لگوا لی ہے، جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دوسری کورونا ویکسین کی منظوری کے بیان نے کشمکش پیدا کر دی ہے۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جمعے کو نائب صدر مائیک پینس کو ٹیلی ویژن چینلز پر ویکسین لگواتے ہوئے براہ راست دیکھا گیا تاکہ امریکی عوام کا ویکسین پر اعتماد بڑھ سکے۔
ویکسین کا انجیکشن لگوانے کے بعد مائیک پینس نے کہا کہ انہیں کچھ محسوس نہیں ہوا، اور ویکسین پر اعتماد ہونے کی وجہ سے ہی وہ اس مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ 
نائب صدر کی اہلیہ کرن پینس اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار سرجن جنرل جیرومی ایڈمز کو بھی فائزر کی منظور شدہ ویکسین لگائی گئی۔
اس موقع پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ موجود نہیں تھے اور نہ ہی انہوں نے نائب صدر کے ویکسین لگوانے کے حوالے سے کوئی بیان دیا۔
جبکہ صدر ٹرمپ کی دوسری کورونا ویکسین کے حوالے سے ٹویٹ نے صحت سے متعلقہ اداروں میں کشمکش کی صورتحال پیدا کر دی ہے۔
صدر ٹرمپ نے جمعے کے روز ٹویٹ کی کہ موڈرنا کمپنی کی تیار کردہ ویکسین کی منظوری دے دی گئی ہے، اس کی تقسیم جلد شروع ہو جائے گی۔
صدر ٹرمپ کے بیان کے برعکس متعلقہ امریکی اداروں نے موڈرنا ویکسین کے استعمال کی منظوری صرف ایمرجنسی کی صورتحال میں دی تھی۔
صدر ٹرمپ نے پہلے ہی واضح کر دیا تھا کہ وہ ویکسین لگوانے میں جلدی نہیں کریں گے۔ ٹرمپ کے مطابق کورونا سے صحتیابی کے بعد ان کے جسم میں اس وائرس کے خلاف قوت مدافعت پیدا ہو گئی ہے۔

شیئر: