Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ویکسین آ گئی لیکن’غریب ممالک کو طویل انتظار کرنا پڑ سکتا ہے‘

کوویکس نے کہا تھا کہ غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کی جانب سے کورونا وائرس کی ویکسین کے حصول کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں جس کی وجہ سے مغرب میں کورونا وائرس کی وبا سے نکلنے کا راستہ صاف نظر آ رہا ہے۔
البتہ اس میں کچھ مہینے لگیں گے لیکن غریب ممالک کے لیے اس وبا سے نکلنے کا راستہ زیادہ طویل اور مشکل ہوگا۔  
امریکی خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کورونا وائرس کی ویکسین کی رسائی تمام دنیا تک ہو، اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوویکس کے نام سے ایک پلیٹ فارم بنایا گیا ہے تاہم اس پلیٹ فارم کے پاس دو ارب خوراکوں میں سے صرف کچھ حصہ موجود ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اگلے سال ویکسین کی مزید خوارکیں خریدے گا۔
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں 16 لاکھ سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس وبا نے ملکوں کے درمیان عدم مساوات کو بھی بے نقاب کیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت، گاوی اور سی ای پی آئی کی جانب سے کوویکس  قائم کیا گیا تھا تاکہ بین الاقوامی سطح پر ویکسین حاصل کرنے کی دوڑ سے بچا جائے۔
تاہم کچھ ماہرین نے امکان ظاہر کیا ہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی خوراکیں امیر ممالک میں صحیح طریقے سے تقسیم ہوں گی جبکہ غریب ممالک کے لیے ویکسین کے حصول کے امکانات کم ہو رہے ہیں۔
کورونا وائرس کی ویکسین کی سپلائی فی الحال محدود ہے تاہم وہ ترقی یافتہ ممالک جنہوں نے کورونا وائرس کی ویکسین کی تحقیق کے لیے فنڈ دیا ہے اور عوام کا ٹیکس استعمال کیا ہے ان پر اپنے عوام کے تحفظ کے لیے بہت زیادہ دباؤ ہے اور وہ ویکسین کی خوراکیں حاصل کر رہے ہیں۔

برطانیہ، امریکہ نے فائزر ویکسین کی منظوری دی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس دوران کچھ غریب ممالک جنہوں نے کورونا وائرس کی ویکسین کے حصول کے لیے کوویکس پر دستخط کیے ہیں، اب ویکسین کے حصول کے لیے متبادل کی تلاش میں ہیں۔
ورلڈ اکنامک فورم میں عالمی صحت کے شعبے کے سربراہ اخنو بین ہارٹ نے توقع ظاہر کی ہے کہ فارما سوٹیکل انڈسٹری کی تقریباً 12 ارب خوراکیں اگلے سال دستیاب ہوگی جبکہ نو ارب خوراکیں پہلے ہی امیر ممالک اپنے لیے مختص کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوویکس نے کافی مقدار میں ویکسین کی خوارکیں مختص نہیں کیں اور جیسے ہی آگے صورتحال واضح ہوگی وہ شاید یہ خوارکیں کافی دیر سے حاصل کرے۔

کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے دنیا بھر میں کروڑوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اب تک کوویکس نے 20 کروڑ ویکسین کی خوراکوں کا معاہدہ کیا ہے، تاہم گاوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہوں نے مزید 50 کروڑ خوراکیں تیار کرنے کے معاہدے کیے ہیں۔
ویکسین کی 20 کروڑ خوراکیں انڈیا کی سیرم انسٹی ٹیوٹ سے حاصل ہوں گی۔ یہ کمپنی ممکنہ طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے کورونا وائرس کی خوراکوں کا ایک بڑا حصہ بنائے گی۔

شیئر: