Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

ابتدائی طور پر فرانسیسی صدر اگلے سات دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
فرانس کے صدر ایمانوئل میکخواں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو  قرنطینہ کر لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق صدارتی دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آج جمعرات کو صدر میکخواں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو اگلے ہفتے تک کے لیے قرنطینہ کر لیا ہے۔  
بیان کے مطابق کورونا کی ابتدائی علامات کے بعد صدر میکخواں کا ٹیسٹ کیا گیا تھا، ٹیسٹ مثبت آنے پر وہ سات دنوں کے لیے بالکل الگ تھگ رہیں گے، تاہم اس دوران وہ اپنی صدارتی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔
صدارتی دفتر نے تصدیق کی ہے کہ کورونا سے متاثر ہونے کے باعث فرانسیسی صدر کا لبنان کا دورہ منسوخ کر دیا گیا ہے۔
فرانسیسی وزیراعظم جین کیسٹیکس اور سپیکر پارلیمان نے بھی صدر میکخواں کے ساتھ رابطے کے باعث احتیاطی بنیادوں پر خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔
صدر میکخواں کی اہلیہ کے دفتر کی مطابق بریجٹ میکخواں میں کورونا کی علامات نہیں پائی جاتیں تاہم احتیاط برتتے ہوئے وہ کچھ دنوں کے لیے قرنطینہ میں رہیں گی۔
فرانس نے کورونا کی دوسری لہر کے بعد عائد کی گئی پابندیوں میں حال ہی میں نرمی کی تھی۔ تاہم وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں رات 8 بجے کے بعد کرفیو لگا دیا جاتا ہے جبکہ ریستوران، تھیٹر اور سینیما کے کھلنے پر تاحال پابندی عائد ہے۔
 

شیئر: