’پالتو جانوروں خریدنے کے بجائے ہم سے مفت لے لیں‘
’ہم نے جانوروں کے لیے مرکز قائم کیا تھا جو مالکوں سے بھاگ جاتے ہیں یا جنہیں مالکان چھوڑ دیتے ہیں‘ (فوٹو: سبق)
جدہ میں جانوروں کی دیکھ بھال کے لئے پہلی نجی ایسوسی ایشن کو وزارت افرادی قوت و فروغ معاشرہ میں رجسٹرڈ کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایسوسی ایشن کی بانی سعودی خاتون میاسر عصام بندقجی ہیں جنہوں نے 2016 میں اس کی بنیاد رکھی تھی۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہماری ایسوسی ایشن اب سرکاری ہے، اب ہم نئے سفر کا آغاز کریں گے‘۔
’ہم نے 2016 میں ایسے جانوروں کے لیے مرکز قائم کیا تھا جو مالکوں سے بھاگ جاتے ہیں یا جنہیں مالکان چھوڑ دیتے ہیں‘۔
’مرکز میں اس وقت سے لے کر اب تک ہزاروں جانوروں کو ٹھکانہ دیا گیا، ہمارے ہاں بلیاں، کتے، پرندے،کچھوے، ہیمسٹر اور دیگر جانوروں رہے ہیں‘۔
’ہم نے مہم شروع کی ہے کہ لوگ پالتو جانور خریدنے کے بجائے ہم سے مفت میں لے لیں اور انہیں پالیں‘۔
’ہماری مہم انتہائی کامیاب جا رہی ہیں، بڑی تعداد میں لوگ آتے ہیں اور اپنی پسند کے جانور لے جاتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ہمارا دین رحمت کا ہے جو جانوروں پر بھی رحم کرنے کی تعلیم دیتا ہے‘۔
دوسری طرف مکہ مکرمہ میں وزارت ماحولیات کے دفتر کے سربراہ انجینئر سعید بن جار اللہ الغامدی نے کہا ہے کہ ’جانوروں پر ظلم کرنا قانون کی نظر میں جرم ہے‘۔
’جانوروں کے ساتھ حسن سلوک کی تعلیم ہمارے دین کا ہی حصہ نہیں بلکہ یہ انسانیت کا بھی تقاضا ہے‘۔
’سماجی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے ہم نے جانوروں کے ساتھ نرمی کرنے کی ایسوسی ایشن کو رجسٹریشن دی ہے‘۔