Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی کے حکمران ٹک ٹاک پر: ’اپنی کہانی سنانا چاہتے ہیں‘

دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المختوم انسٹا گرام اور ٹوئٹر بھی استعمال کرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
دبئی کے حکمران، متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے ویڈیو شیئرنگ ایپلی کیشن ٹک ٹاک جوائن کر لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سنیچر کو شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ کی کہ ’آج میں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر اپنا سرکاری اکاؤنٹ بنا لیا ہے۔ تیزی سے مقبولیت حاصل کرنے والی ایپلی کیشن ٹک ٹاک کے دنیا بھر میں 80 کروڑ سبسکرائبرز ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم وہاں ہونا چاہتے ہیں جہاں لوگ ہوں اور ہم چاہتے ہیں کہ مثبت عرب مواد تخلیق کریں۔ ہم نوجوانوں کو سننا چاہتے ہیں اور ان کو اپنی کہانی سنانا چاہتے ہیں۔‘
شیخ محمد بن راشد آل مکتوم کے انسٹاگرام پر 54 لاکھ فولورز ہیں جبکہ ٹوئٹر پر ایک کروڑ چار لاکھ افراد انہیں فالو کرتے ہیں۔
ٹک ٹاک پر انہوں نے اپنی پہلی پوسٹ ایک حوصلہ افزا کہانی سے کی، اس کہانی میں ان کی آواز استعمال ہوئی۔ ان کی پہلی ویڈیو کو اب تک 89 ہزار سے زائد افراد لائک کر چکے ہیں۔
پہلی پوسٹ میں انہوں نے ایک شیر اور غزال کی کہانی سنائی، دونوں شیر اور غزال جاگتے ہیں اور ہر روز اپنی بقا کے لیے کوشش کرتے ہیں، یا وہ شکاریوں سے دور رہنے کے لیے ہو یا خوراک کی تلاش کے لیے ہو۔
’جب آپ جاگتے ہیں تو بہتر ہے کہ آپ دوڑنا شروع کر دیں۔‘
ویڈیو میں دبئی کے حکمران اس بات کی وضاحت کرتے ہیں کہ کیوں وہ اپنی ٹیم کو بہترین کام کرنے کی مسلسل ترغیب دیتے رہتے ہیں۔

شیئر: