Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں ایک ہفتے کے لیے معطل

برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں کورونا کی نئی شکل سامنے آنے کے بعد سعودی عرب نے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمدورفت پر ایک ہفتے کے لیے عارضی پابندی عائد کردی ہے-
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ نے وزارت داخلہ کے حوالے سے کہا ہے کہ بین الاقوامی پروازوں پر عارضی پابندی کورونا وائرس کی نئی شکل کے سامنے آنے کے بعد لگائی گئی ہے۔ کورونا کی یہ نئی قسم برطانیہ سمیت مختلف یورپی ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے-
وزارت داخلہ نے مزید کہا کہ فضائی پابندی ایک ہفتے کے لیے عائد کی گئی ہے تاہم اس میں ایک ہفتے کی مزید توسیع ہوسکتی ہے- عرب نیوز کے مطابق مملکت نے تمام زمینی اور سمندری راستے بھی بند کر دی ہیں۔
سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے تفصیلی بیان کے مطابق وزارت صحت نے خبر دی ہے کہ نئی قسم کے کورونا وائرس کی لہر مختلف ممالک میں بڑی تیزی سے پھیل رہی ہے۔ اس وائرس کے بارے میں ابھی تک حتمی معلومات حاصل نہیں ہوسکیں۔
نئے پھیلنے والے وائرس سے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو محفوظ رکھنے کے لیے وزارت صحت کی ہدایات پرعمل کرتے ہوئے وزارت داخلہ نے مندرجہ ذیل احکامات جاری کیے ہیں۔ 
تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد ورفت پر فوری پابندی عائد کردی گئی ہے ۔مخصوص حالات کے علاوہ وہ غیرملکی فضائی کمپنیاں جو مملکت میں موجود ہیں انہیں جانے کی اجازت ہوگی۔ 
مملکت کی بری سرحدیں بھی ایک ہفتے کےلیے بند کردی گئی ہیں۔ بری راستوں سے بھی آمد ورفت پر بھی ایک ہفتہ کےلیے پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پابندی میں مزید ایک ہفتہ توسیع کیے جانے کا امکان ہے۔ 
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ افراد جو 8 دسمبر2020 کے بعد  کسی بھی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہئے کہ مندرجہ ذیل امور پرعمل کریں۔ 
ایسے افراد دو ہفتے کے لیے خود کو گھروں میں قرنطینہ کرلیں۔ قرنطینہ کے دوران کورونا ٹیسٹ کرائیں اور یہ ٹیسٹ ہر 5 دن بعد دہرائیں۔ 
ایسے افراد جو گزشتہ 3 ماہ کے اندر کسی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر کورونا ٹیسٹ کرائیں۔ 
وہ ممالک جو نئے کورونا وائرس سے متاثر نہیں ہوئے وہاں سے سامان کی امپورٹ حسب معمول جاری رہے گی۔
 
 

شیئر: