وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ محکمہ انسداد منشیات کی ٹیموں نے جدہ اور ریاض میں بڑی مقدار میں نشہ آورگولیاں سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ویب نیوز ’سبق‘ نے وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا ہے کہ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی 2 کارروائیوں کو ناکام بناتے ہوئے ایک کروڑ 89 لاکھ 33 ہزار سے زائد نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کو ناکام بنایا گیا۔
نشہ آور گولیوں کی سمگلنگ کے الزام میں 16 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن میں 10 سعودی اور6 غیر ملکی شامل ہیں۔
محکمہ انسداد منشیات کے ترجمان کیپٹن محمد النجیدی کے مطابق منشیات کی سمگلنگ کی پہلی کارروائی ریاض میں ناکام بنائی گئی جس میں محکمہ کے اہلکاروں نے 5 سعودیوں کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 98 لاکھ سے زائد نشہ آورگولیاں برآمد ہوئیں۔
منشیات سمگلنگ کی دوسری کارروائی جدہ میں ناکام بنائی گئی جس میں 5 سعودی اور 5 غیرملکی ملوث تھے ۔
ملزمان بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی کپڑوں کی شپمنٹ میں نشہ آور گولیاں چھپا کرسمگل کرنے کی کوشش کررہے تھے۔
منشیات سمگل کرنے کی ایک اور کارروائی ناکام بناتے ہوئے غیر ملکی سمگلر کوگرفتار کرلیا جو بری سرحد سے آلو کی گھیپ میں نشہ آور گولیاں چھپا کر سمگل کرنے کی کوشش کررہا تھا۔
محکمہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف منشیات سمگل کرنے کا مقدمہ درج کرکے انہیں متعلقہ عدالت کے حوالے کردیا گیا ہے جہاں ان پر مقدمہ چلایا جائے گا۔