جدہ میں بھی کورونا ویکسین سینٹر کا افتتاح
جمعرات 24 دسمبر 2020 15:27
’ایئرپورٹ کے جنوبی ٹرمنل کا وسیع رقبہ ویکسین سینٹر میں تبدیل کردیا گیا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت صحت نے جدہ میں بھی کورونا ویکسین مہم کا آغاز کر دیا ہے جہاں آج جمعرات کو ویکسین سینٹر کا افتتاح کردیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق شہر میں ویکسین مرکز کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کھولا گیا ہے جہاں شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو ویکسین دی جارہی ہے۔
وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’جدہ کے جن رہائشیوں نے صحتی ایپ میں رجسٹریشن کروائی ہے انہیں ویکسین مرکز میں بلایا جا رہا ہے‘۔
وزارت نے تمام شہریوں اور مقیم غیرملکیوں سے اپیل کی ہے کہ ویکسین لینے کے لیے ایپ میں رجسٹریشن کروائیں۔
دوسری طرف محکمہ صحت جدہ نے کہا ہے کہ ’جدہ ایئرپورٹ کے جنوبی ٹرمنل (سعودیہ کا پرانا ٹرمنل) کا وسیع و عریض رقبہ ویکسین سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے‘۔
’یہاں 84 کمرے مختص کر دیئے گیے ہیں جہاں بڑی تعداد میں لوگوں کو ویکسین دی جاسکتی ہے‘۔
’بہت جلد جدہ میں دیگر مراکز بھی افتتاح کردیا جائے گا، ان مراکز کو ابھی تیار کیا جارہا ہے‘۔