Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب تک 10 ہزار افراد کو ویکسین دی جاچکی

ویکسین لگوانے کے لیے خود کو ’صحتی‘ پر رجسٹر کرانا ضروری ہے (فوٹو: عاجل)
سعودی عرب میں اب تک 10 ہزار افراد کو کورونا ویکسین دی جاچکی ہے جبکہ رجسٹریشن کرنے والوں کی تعداد میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہورہا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’بدھ تک ریاض کے سینٹر میں ویکسین لینے والے افراد کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کی جاچکی ہے‘۔
’ریاض میں ویکسین سینٹر میں توسیع کا عمل جاری ہے تاکہ بڑھتی ہوئی تعداد کو خدمات فراہم کی جاسکیں‘۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت کے مختلف شہروں میں 5 لاکھ سے زائد افراد کورونا ویکسین کے لیے خود کو رجسٹر کرا چکے ہیں۔ 
منگل 23 دسمبر کی شب جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق وزارت صحت کی ایپ ’صحتی‘ پر رجسٹر ہونے والوں کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 178 تھی جس میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ ہو رہا ہے۔ 
وزارت صحت نے کورونا ویکسین کے حوالے سے اس امر کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے- اس بارے میں وزارت کی جانب سے انتہائی باریک بینی سے ویکسین کی تیاری اور اس کے بعد حاصل ہونے والے نتائج کا انتہائی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا ہے۔ 
وزارت نے ٹوئٹر پر لوگوں سے کہا ہے کہ وہ ویکسین کے لیے خود کوجلد از جلد رجسٹرکرائیں تاکہ اس مہلک وبائی مرض سے محفوظ رہا جا سکے۔ 
دوسری جانب ویب نیوز ’اخبار24 ‘ کے مطابق وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ریاض میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کا دورہ کیا اور وہاں کے انتظامات پر اپنے گہرے اطمینان کا اظہار کیا۔ 
وزیر صحت نے ویکسین لگوانے کے لیے آنے والوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ 
اس موقع پر وزیر صحت کا کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے لائی جانے والی ویکسین مکمل طور پر محفوظ ہے۔ لوگوں کو چاہئے کہ وہ جلدازجلد خود کو رجسٹر کرائیں۔ 
مملکت کے مختلف ریجنز میں مزید ویکسینیشن سینٹر کھولے جانے کے حوالے سے وزارت صحت کا کہنا تھا کہ متعدد شہروں میں بنائے جانے والے سینٹرز تیاری کے آخری مراحل میں ہیں جن کا افتتاح جلد ہی کردیا جائے گا۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا ویکسین مفت فراہم کی جارہی ہے۔ ویکسین لگوانے کے لیے وزارت صحت کی جانب سے فراہم کردہ ایب ’صحتی‘ پر خود کو رجسٹر کرایا جاتا ہے جس کے بعد سسٹم خود کار طریقے سے ویکسینیشن سینٹر اور وقت کا تعین کرکے مطلع کردیتا ہے ۔ 
ابتدائی مرحلے میں بیماری میں مبتلا خطرناک مریضوں اور ایسے معمرافراد جنہیں مختلف قسم کی بیماریاں لاحق ہیں کہ علاوہ امور صحت کے شعبے میں خدمات انجام دینے والے وہ افراد جن کا تعلق براہ راست کورونا کے مریضوں سے رہتا ہے کو لگائی جارہی ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: