Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مملکت: اتوار سے برفباری کا آغاز

مشرقی علاقوں میں ہلکی برفباری کا آغاز اتوار سے ہوگا- (فوٹو عاجل)
ماہرموسمیات سامی عبیداللہ الحربی نے کہا ہے کہ مملکت کے بعض علاقوں میں اتوار 27 دسمبر سے برفباری کا امکان ہے جس کے بعد سردی میں بھی اضافہ ہو گا۔ 
ویب نیوز ’عاجل‘ نے ماہرموسمیات الحربی کے حوالے سے مزید کہا ہے کہ ’موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مملکت کے علاقے عرعر، العویقیلہ، رفحا، حفر الباطن، الجوف کے انتہائی مشرقی علاقے، حائل کے انتہائی مشرق، قصیم اور ریاض کے انتہائی مشرقی علاقوں میں ہلکی برفباری کا آغاز اتوار سے ہونے کا قوی امکان ہے۔ 
الحربی کے اندازے کے مطابق مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ  ریجن کے علاوہ مملکت کے شمالی علاقے جبکہ قصیم، مشرقی ریجن اور ریاض کے شمالی علاقوں میں بھی کہیں ہلکی جبکہ کہیں موسلا دھار بارش کی توقع ہے۔ 
اس ضمن میں شہری دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ شاہراہوں پر سفر کرنے والے ان دنوں خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کریں خاص کر پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران برساتی ریلے کی گزرگاہوں پر قیام نہ کریں اور نشیبی علاقوں میں گزرتے وقت احتیاط  برتیں۔ 
دریں اثنا محکمہ ٹریفک کی جانب سے بھی احتیاطی تدابیر کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران ہائی ویز پر سفر کرنے والے گاڑیوں کے وائپرز کا خاص خیال رکھیں سفر کا آغاز کرنے سے قبل ہی وائپرز چیک کرلیں کیونکہ بارش کے دوران خراب وائپرز کی وجہ سے مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: