پیپلز پارٹی سینیٹ اور ضمنی انتخابات میں حصہ لے گی: مراد علی شاہ
پی ڈی ایم نے حکومت کو 31 جنوری تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سینیٹ اور ضمنی الیکشن میں حصہ لے رہی ہے۔
گڑھی خدا بخش میں بینظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کی قبروں پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’ہمیں ساری چیزیں ذہن میں رکھنی ہے سینیٹ کے ہیں اور ضمنی انتخابات ہورہے ہیں ہمیں ان میں حصہ اس لیے لینا ہے کہ ہم میدان خالی نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔‘
پی ڈی ایم کی جانب سے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی نے اپنے استعفے بلاول بھٹو کے پاس جمع کرا دیے ہیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق استعفوں پر فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔
خیال رہے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے سربراہی اجلاس 2 جنوری کو لاہور میں طلب کر رکھا ہے۔
اجلاس کی صدارت اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کریں گے اور اجلاس میں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے یا نا لینے، استعفوں، سینیٹ انتخابات، لانگ مارچ سمیت مختلف امور پر مشاورت اور فیصلوں کا امکان ہے۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی ضمنی اور سینیٹ انتخابات میں حصہ لینے کی حامی ہے۔
پی ڈی ایم نے حکومت کو 31 جنوری تک مستعفی ہونے کی مہلت دی ہے۔
پی ڈی ایم نے اتحاد میں شامل جماعتوں کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان کو 31 دسمبر تک استعفے قیادت کے پاس جمع کرانے کی ہدایت کررکھی ہے۔
حکومت کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں پی ڈی ایم نے جنوری کے آخر یا فروری کے اوائل میں اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔