Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کسی نے ان کو این آر او دیا تو ملک سے غداری کرے گا: عمران خان

وزیراعظم ںے کہا کہ اپوزیشن فوج کے خلاف وہ زبان استعمال کر رہی ہے جو انڈیا کی پروپیگنڈا مشینری پاکستان کے خلاف استعمال کرتی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار اپوزیشن نے فوج کے سربراہ اور آئی ایس آئی چیف پر تنقید کی۔ جس طرح پاکستانی فوج پر حملہ کیا گیا ایسا پہلے کبھی ہوا نہ ایسی کوئی مثال ملتی ہے۔
سنیچر کو چکوال میں یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے فوج پر الیکشنز میں دھاندلی کا الزام لگایا لیکن کوئی ثبوت پیش نہیں کیا۔
’اگر انتخابات میں دھاندلی ہوئی تھی تو کیا آپ نے کسی فورم پر اسے چیلنج کیا۔ کیا آپ الیکشن کمیشن، سپریم کورٹ یا پارلیمنٹ میں یہ معاملہ لے کر گئے۔‘

 

عمران خان نے مزید کہا کہ ’اپوزیشن نے نہ ثبوت پیش کیے نہ کسی فورم پر گئی اور فوج کو ٹارگٹ کرنا شروع کر دیا کہ سلیکٹڈ حکومت لے کر آئی ہے۔‘
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکہ کے صدارتی الیکشن میں جب ری پبلکنز نے کہا کہ دھاندلی ہوئی ہے تو میڈیا پہلے کہتا تھا کہ انہوں نے ابھی تک کوئی ثبوت نہیں دیے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی تقریر کے بعد اپنے ردعمل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے فوج اور ایجنسیوں کے حوالے سے بیان پر عمران خان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
 
وزیراعظم عمران خان کا اپنی تقریر میں کہنا تھا کہ اس سے قبل جنرل پرویز مشرف پر تنقید کی جاتی تھی لیکن وہ سیاسی تھے کیونکہ وہ ملک کے سربراہ بن چکے تھے۔
انہوں ںے کہا کہ اپوزیشن فوج کے خلاف وہ زبان استعمال کر رہی ہے جو انڈیا کی پروپیگنڈا مشینری پاکستان کے خلاف استعمال کرتی ہے۔
’انڈیا 700 جعلی ویب سائٹس بنا کر پاکستان اور پاکستانی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا تھا اور پی ڈی ایم کو بھی پروموٹ کر رہا تھا۔‘
’کئی ایسے صحافی بھی ہیں جو اس ڈس انفارمیشن کا حصہ تھے اور پی ڈی ایم کو سپورٹ کرتے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’خود کو جمہوریت پسند کہنے والے فوج سے کہتے ہیں کہ جمہوری حکومت گرا دے، اپوزیشن کا صرف ایک مطالبہ ہے کسی طرح انہیں این آر او دے دیا جائے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’انڈیا جعلی ویب سائٹس بنا کر پاکستانی فوج کے خلاف پروپیگنڈا کر رہا تھا اور پی ڈی ایم کو بھی پروموٹ کر رہا تھا‘ (فوٹو: اے ایف پی)

 ’کسی نے انہیں این آر او دیا تو وہ کام کرے گا جو دشمن کرتا ہے اور کسی نے ان کو این آر او دیا تو ملک سے غداری کرے گا۔‘
وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کوئی ان سے پوچھے کہ ان دونوں کی قابلیت کیا ہے؟
’دونوں نے زندگی میں ایک گھنٹہ بھی کام نہیں کیا اور ملک چلانا چاہتے ہیں، ان دونوں کا تجربہ صرف یہ ہے کہ یہ بڑے عیش و آرام سے پلے بڑھے ہیں۔

شیئر: