Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجگور میں فٹ بال گراؤنڈ کے باہر دھماکہ، دو افراد ہلاک

 پولیس کے مطابق دھماکا مقامی گراؤنڈ میں فٹ بال میچ کے دوران ہوا۔ (فوٹو: اردو نیوز)
بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فٹبال گراﺅنڈ کے باہر بم دھماکے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق پنجگور کے سٹی پولیس تھانہ سے تقریباًچار کلومیٹر عیسئی میں سرکاری سکول کے فٹ بال گراﺅنڈ کے باہر اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں ایک ٹورنامنٹ کا سیمی فائنل میچ ختم ہونے کے بعد تماشائی واپس جارہے تھے۔
پنجگور پولیس تھانہ کے ایس ایچ او امیر جان نے اردو نیوز کو ٹیلی فون پر بتایا کہ دیسی ساختہ بم بغیر چار دیواری کے کھلے فٹبال گراﺅنڈ کے اس کونے میں رکھا گیا تھا جہاں گاڑیاں پارک کی گئی تھیں۔
ایس ایچ او کے مطابق میچ دیکھنے کے لیے سینکڑوں تماشائی موجود تھے تاہم خوش قسمتی سے جس جگہ دھماکا ہوا وہاں تماشائیوں کی نسبتاً کم تعداد موجود تھی۔ دھماکے سے دو گاڑیاں تباہ ہوئیں۔
پولیس کے مطابق ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کا ہدف ایک آلٹو گاڑی میں سوار دو افراد تھے جو دونوں اس حملے میں مارے گئے۔ ان کی شناخت پنجگور کے علاقے بونستان کے رہائشی حسن جان اور محمد رحیم جان کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایچ او امیر جان نے بتایا کہ زخمی ہونے والے تمام افراد تماشائی تھے جنہیں علاج کے لیے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔ زخمیوں میں ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
ایرانی سرحد سے ملحقہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں بلوچ علیحدگی پسند مسلح تنظیمیں وجود رکھتی ہیں۔
زیادہ ایسے واقعات کی ذمہ داری یہی مسلح تنظیمیں قبول کرتی ہیں تاہم سنیچر کی شام کو ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی۔

شیئر: