کوئٹہ میں دھماکہ: تین افراد ہلاک، دو زخمی
اتوار 25 اکتوبر 2020 15:09
جلسے کے باعث کوئٹہ میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد ہے۔ فائل فوٹو
صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے ہزار گنجی میں ہونے والے دھماکے میں تین افراد ہلاک جبکہ دو زخمی ہوئے ہیں۔
تھانہ شالکوٹ پولیس کے مطابق دھماکہ کراچی روڈ پر سبزی منڈی کے قریب ہزار گنجی کے علاقے میں ہوا ہے۔ پولیس نے تین افراد کے ہلاک اور دو کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق دھماکہ موٹر سائیکل پر نصب بم پھٹنے سے ہوا ہے۔
خیال رہے کہ کوئٹہ میں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا جلسہ ایوب سٹیڈیم میں جاری ہے۔ جلسہ گاہ جائے حادثہ سے تقریباً 15 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔
یاد رہے کہ جمعرات کو پاکستان میں انسداد دہشت گردی کے ادارے (نیکٹا) کی جانب سے بلوچستان خصوصاً کوئٹہ میں دہشت گرد حملوں کا خطرہ ظاہر کیا گیا تھا۔ بلوچستان کے وزیراعلیٰ جام کمال نے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’کوئٹہ، اورماڑہ اور مکران میں چند روز میں ہونے والے واقعات واضح علامات ہیں کہ دشمن کچھ بھی کر سکتا ہے۔‘
پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کوئٹہ میں آج موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہے۔