’ایران کورونا وائرس کی ویکسین خریدنے میں تاخیر کر رہا ہے‘
اتوار 27 دسمبر 2020 21:03
مریم راجاوی کا کہنا ہے کہ صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر خامنہ ای ویکسین خریدنے سے گریز کر رہے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
ایران کی سماجی کارکن مریم راجاوی نے الزام لگایا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی ویکسین کی خریداری میں تاخیر کر رہی ہے۔
انہوں نے حکومت کے اس عمل کو اپنے شہریوں کے خلاف ’مجرمانہ پالیسی‘ قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مریم راجاوی جو مخالف گروپ پیپلز مجاہدین آف ایران کی سربراہی کر رہی ہیں، کہا ہے کہ صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر خامنہ ای ویکسین خریدنے سے گریز کر رہے ہیں اور وعدہ کر رہے ہیں کہ وہ مقامی سطح پر ویکسین بنا رہے ہیں۔
سماجی کارکن نے کہا کہ مقامی ویکسین فارماسوٹیکل ڈیپارٹمنٹ آف ہیڈکوارٹرز تیار کر رہا ہے جو خامنہ ای کے احکامات پر عمل درآمد کرتا ہے اور ’خامنہ ای کی ’لوٹ مار اور بھتہ خوری کے اداروں میں سے ایک ہے۔‘
مریم راجاوی کے مطابق کہ اگر لیبارٹری کے نمونوں کو منظور کیا جاتا ہے تو ماہرین کا کہنا ہے کہ ویکسین کی مقامی سطح پر دستیابی کے لیے ایک طویل وقت لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ایران میں اب تک کورونا وائرس کے 12 لاکھ سے زیادہ کیسز سامنے آچکے ہیں۔