Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: ایران کی آئی ایم ایف سے 5 ارب ڈالر امداد کی درخواست

ایران میں کورونا سے 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
ایران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) سے پانچ ارب ڈالر کی مدد مانگ لی ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جمعرات کو اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ’امید ہے کہ آئی ایم ایف ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گا اور تاریخ کے صحیح رخ پر کھڑے ہوتے ہوئے ہماری درخواست پر جلد عمل کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے کورونا سے نمٹنے کے لیے ہنگامی مالیاتی معاونت کا اعلان کیا تھا، ایران کا مرکزی بینک فوری طور پر یہ سہولت حاصل کرنے کی درخواست کرتا ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے انسٹاگرام پیج پر لکھا ہے کہ ’کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے آئی ایم ایف کی سربراہ کو ریپڈ فنانشل انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے ذریعے پانچ ارب ڈالر کے ہنگامی فنڈ کی درخواست کی گئی ہے۔‘
یاد رہے کہ چین اور اٹلی کے بعد ایران کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔
ایران میں اب تک کورونا وائرس سے 429 افراد ہلاک جبکہ 10 ہزار 75 افراد متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا سے ایران میں کاروبار اور تیل کے علاوہ دیگر برآمدات بھی شدید متاثر ہوئی ہیں کیونکہ پاکستان سمیت کئی پڑوسی ممالک نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدیں بند کر رکھی ہیں۔
ایران اس سے قبل بھی کہہ چکا ہے کہ امریکہ کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں کی وجہ سے اسے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب امریکہ کا کہنا ہے کہ ایران پر عائد کی گئی پابندیاں ادویات کی فراہمی پر اثر انداز نہیں ہوتیں اور گذشتہ ماہ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے ایران کو مدد کی پیش کش بھی کی تھی تاہم ایران کی جانب سے امریکی پیش کش کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا تھا۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ جواد ظریف اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترس کو لکھے گئے خط میں بھی امریکی پابندیوں کو ہٹانے کا مطالبہ کر چکے ہیں۔

ایران میں کورونا سے اب تک 429 افراد ہلاک ہو چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)

یاد رہے کہ ایران میں کورونا وائرس سے عام افراد کے علاوہ حکومتی اور سیاسی شخصیات بھی محفوظ نہیں رہیں۔ عرب نیوز کے مطابق ایران کی نائب صدر، نائب وزیر صحت اور پانچ دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت متعدد افراد کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
ملک میں دو ارکان پارلیمنٹ کے علاوہ اب تک سات سیاستدان اور سرکاری اہلکار کورونا کے باعث ہلاک ہو چکے ہیں۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے مشیر محمد میر محمدی اور وزیر خارجہ جواد ظریف کے مشیر حسین شیخ الاسلام بھی کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔
ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے حکام نے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کو عارضی طور پر بند کر رکھا ہے۔ اس کے علاوہ ملک میں کام کرنے کے اوقات کو کم کر دیا گیا ہے اور بڑی ثقافتی تقریبات پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔

شیئر: