Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گلگت بلتستان: فرنٹیئر کور کے اہلکار اب جنگلات کی بھی حفاظت کریں گے

ترجمان گلگت بلتستان حکومت کے مطابق ایف سی اہلکاروں کی خدمات محکمہ جنگلات کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے (فوٹو:اے ایف پی)
گلگت بلتستان حکومت نے وفاقی حکومت سے ٹمبر مافیا سے نمٹنے کے لیے منظم فورس تعینات کرنے کی درخواست کی ہے۔  
گلگت بلتستان کی حکومت نے جنگلات کو کٹائی سے روکنے اور اور ٹمبر سمگلنگ سے بچاؤ کے لیے فرنٹئیر کور (ایف سی) جوانوں کی تعیناتی کی درخواست کی ہے جس کی باضابطہ منظوری کے لیے وزارت داخلہ نے وفاقی کابینہ کو سمری ارسال کر دی ہے۔ 
اردو نیوز کو دستیاب کابینہ کو بھیجی جانی والی سمری کے مطابق ’گلگت بلتستان حکومت نے جنگلات کو محفوظ بنانے اور نیشنل پارکس اور وائلد لائف کے تحفظ کے لیے ’فارسٹ ایکٹ 2019‘ نافذ کیا ہے جس کے تحت جنگلات کے کٹاؤ، ٹمبر سمگلنگ کو روکنے، ٹمبر مافیا کے خلاف کارروائی اور بڑی تعداد میں غیر قانونی لکڑی کو قبضے میں لینے کی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔
ٹمبر مافیا کی جانب سے فارصت ایکٹ 2019 کے تحت کارروائی کرنے میں روڑے اٹکائے جارہے ہیں۔‘  
گلگت بلتستان حکومت نے تین سال کے لیے ایف سی نوجوانوں پر مشتمل 4 پلاٹونز فارسٹ، پارک اینڈ وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کی باضابطہ منظوری طلب کی ہے۔  
خیال رہے کہ امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایف سی اہلکاروں کی 16 پلاٹونز اس وقت گلگت بلتستان میں تعینات ہیں۔ 

سمری کے مطابق ’گلگت بلتستان حکومت نے جنگلات کو محفوظ بنانے اور نیشنل پارکس اور وائلد لائف کے تحفظ کے لیے ’فارسٹ ایکٹ 2019‘ نافذ کیا ہے (فوٹو:ٹوئٹر)

ایف سی اہلکاروں کی ضرورت کیوں پیش آئی؟ 

ترجمان گلگت بلتستان حکومت نے اردو نیوز کو بتایا کہ حالیہ دنوں میں دیامر اور چلاس میں ہونے والی جنگلات کی کٹائی کا نوٹس لیتے ہوئے جنگلات کے تحفظ کے لیے ایف سی اہلکاروں کی خدمات محکمہ جنگلات کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  
انہوں نے کہا کہ ’گلگت بلتستان حکومت کو جنگلات کے تحفظ کے لیے ایف سی اہلکاروں کی ضرورت نہیں تھی لیکن وزیراعظم عمران خان نے جنگلات کے کٹاؤ پر سخت نوٹس لیا اور اس بات پر زور دیا کہ جنگلات کو محفوظ بنانے کے لیے ایف سی اہکاروں کے سپرد کیا جائے۔‘  
ترجمان  گلگت بلتستان حکومت کے مطابق ایف سی اہکار ’محکمہ جنگلات کی چیک پوسٹس پر تعینات کیے جائیں گے جبکہ ضرورت پڑنے پر انہیں جنگلات بھی بھیجا جا سکتا ہے، اگر ٹمبر مافیا کی سرکوبی کی ضرورت پڑے تو ایف سی اہلکاروں کو جنگلات بھی طلب کیا جائے گا۔‘

شیئر: