Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اب کوڑا کرکٹ سیاحوں کے گھر بھیجا جائے گا

پارک میں داخل ہونے سے پہلے سیاحوں کے گھر کا ایڈریس لکھا جاتا ہے (فوٹو: پارک انتظامیہ)
سیاحوں کی طرف سے جگہ جگہ پر کوڑا کرکٹ پھینکنے سے تنگ آئی تھائی لینڈ نیشنل پارک کی انتظامیہ نے انہیں سبق سکھانے کا نیا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے جس کے تحت یہ کوڑا سیاحوں کے گھروں میں بھیجا جا رہا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق تھائی لینڈ میں بنکاک کے قریب واقع ’کھاؤ یائی نیشنل پارک‘ جنگلی حیات اور ہریالی کی وجہ سے مشہور ہے لیکن سیاحوں پر الزام ہے کہ وہ گندگی پھیلا کر اس کی خوبصورتی کو متاثر کر رہے ہیں۔

 

تھائی لینڈ میں قدرتی وسائل و ماحولیات کے وزیر وراوت سلپا نے فیس بک پر اس حوالے سے متعدد پوسٹس کی ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کوڑے کو سیاحوں کے گھر بھیجا جائے گا اور پولیس بھی کارروائی کرے گی۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کوڑا کرکٹ سیاحوں کے ایڈریس کے بغیر ان کے گھر کیسے پہنچایا جائے گا۔ پارک انتظامیہ نے اس کا حل یہ نکالا ہے کہ پارک میں داخل ہونے سے پہلے سیاحوں کو گھر کا ایڈریس لکھنے کو کہا جاتا ہے۔
وزیر وراوت سلپا نے فیس بک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’ہم تمہارا گند تمہارے گھر بھیجیں گے۔‘
انہوں نے لکھا ہے کہ گند پھیلانا جرم ہے جس کی سزا پانچ سال قید اور جرمانہ ہو سکتی ہے۔
کھاؤ یائی تھائی لینڈ کا پہلا نیشنل پارک ہے جسے 1962 میں بنایا گیا تھا اور اس کا رقبہ دو ہزار مربع کلومیٹر ہے۔ یہ آبشاروں اور جنگلی حیات کی وجہ سے سیاحوں میں مقبول ہے۔

شیئر: