Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’پیپلز پارٹی کا استعفے دینے کا ارادہ نہ لانگ مارچ پر آمادہ ہے‘

مریم نواز کے مطابق نیب عدالت کے مرحوم جج ارشد ملک نے نواز شریف سے معافی مانگی تھی (فوٹو: اے ایف پی)
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے مذاکرات کو وزیراعظم کے استعفے سے مشروط کرنے سے ظاہر ہے ہوتا ہے کہ وہ بات چیت سے کترا رہی ہے، وزیراعظم استعفیٰ نہیں دیں گے۔
بدھ کو اسلام آباد میں وزیر اطلاعات شبلی فراز اور وزیراعظم کے مشیر بابر اعوان کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے خواجہ آصف کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ انہیں لگتا ہے وہ الزامات کے جواب میں نیب کو مطمئن نہیں کر سکے اسی لیے بات گرفتاری تک پہنچی، مزید وضاحت خواجہ آصف خود ہی دے سکتے ہیں۔
وزیر خارجہ کے مطابق نیب قوانین اور چیئرمین نیب کے انتخاب سے تحریک انصاف کا کوئی تعلق نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جب فیٹف پر قانون سازی کی بات کی تو اپوزیشن نیب قانون میں ترامیم کی بات کر رہی تھی۔
بقول ان کے اپوزیشن کا کہنا تھا کہ نیب قوانین میں رعایت ملے گی تو فیٹف پر ووٹ دیں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا بیانیہ پاش پاش ہو گیا کیونکہ پہلے یہ کہہ رہے تھے کہ 31 جنوری تک وزیراعظم نے استعفیٰ نہ دیا تو لانگ مارچ ہو گا۔
’اب استعفوں کو نواز شریف کی وطن واپسی سے مشروط کر دیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ استعفے دینا چاہتے ہیں تو پھر ضمنی اور سینیٹ الیکشنز میں حصہ لینے کی تیاری کیوں کر رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ ’اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ استعفے نہیں دیں گے۔‘
پیپلز پارٹی کے حوالے سے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ نہ اس کا استعفے دینے کا ارادہ ہے اور نہ ہی لانگ مارچ پر آمادہ ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مودی کا یار کہنے والوں نے کشمیر مودی کی جھولی میں ڈال دیا۔

مریم نواز کے بقول نواز شریف پر لگنے والے تمام الزامات غلط ثابت ہو چکے ہیں (فوٹو: روئٹرز)

بدھ کو اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کشمیر کے یوم تاسیس کے موقع پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ جب وزیراعظم عوامی نہ ہو تو شہ رگ پر وار ہوتا ہے اور جب عوامی ہو تو مودی خود چل کر آتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم سلیکٹڈ تو تھے ہی اب ریجیکٹڈ بھی ہو جائیں گے۔‘ مریم نواز کے بقول انہیں فخر ہے کہ وہ دلیر انسان کی بیٹی ہیں۔
انہوں نے کشمیری زبان میں انڈیا کے زیرانتظام کشمیر کے باسیوں کو نواز شریف کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا۔ مریم نواز کے مطابق آج قدرت نے وہ تمام الزامات جھوٹے ثابت کر دیے ہیں جو ان پر عمران خان نے لگائے اور جو نواز شریف نے ان کے بارے  میں کہا وہ بھی سچ ثابت ہوا۔
انہوں نے عمران خان کے بارے میں نواز شریف کے الفاظ ’حکومت تمہارے بس کی بات نہیں، جاؤ جا کر کرکٹ کھیلو‘ دُہراتے ہوئے کہا کہ کیا سچ ثابت نہیں ہوئے؟
آج وزیراعظم خود اقرار کر رہے ہیں کہ انہیں بغیر تیاری کے لایا گیا اور انہیں گردشی قرضے اور دیگر اعدادوشمار کی سمجھ نہیں۔

مریم نواز کے مطابق وزیراعظم خود اقرار کر رہے ہیں کہ انہیں گردشی قرضے اور دیگر اعدادوشمار کی سمجھ نہیں (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کا تعلق مسلم لیگ ن سے ہے جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا۔ مریم نواز نے حاضرین کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا انہیں یاد ہے کہ نواز شریف نے کہا تھا ’میں اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑتا ہوں۔‘
ان کے مطابق آج اللہ نے نواز شریف کو بے قصور ثابت کر دیا ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کہتے ہیں کہ ہم فوج کے خلاف بات کرتے ہیں۔
’فوج ہمارا ادارہ ہے، ہم کہتے ہیں عوام عوام، یہ کہتے ہیں فوج فوج، ہم کہتے ہیں مہنگائی یہ کہتے ہیں، ایک پیج ایک پیج۔‘
مریم نواز نے نیب عدالت کے مرحوم جج ارشد ملک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گھر آکر نواز شریف سے معافی مانگی کہ میں نے آپ کے خلاف غلط فیصلہ دیا۔

شیئر: