مشرقی ریجن: چار دنوں میں ڈھائی ہزار افراد نے ویکسین لگوائی
مشرقی ریجن: چار دنوں میں ڈھائی ہزار افراد نے ویکسین لگوائی
جمعہ 1 جنوری 2021 5:40
ویکسینیشن سینٹر رات 12 بجے تک کام کررہا ہے (فوٹو سبق)
مشرقی ریجن میں کورونا ویکسینیشن سینٹر کے اوقات کار میں لوگوں کی سہولت کے لیے اضافہ کردیا گیا۔ سینٹر سے اب تک دو ہزار 500 افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے۔
ویب نیوز’سبق‘ کے مطابق مشرقی ریجن میں گزشتہ پیر28 دسمبر کو ویکسینیشن سینٹر کا افتتاح کیا گیا تھا ان چار دنوں میں ویکسین لگوانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد کو دیکھتے ہوئے سینٹر کے اوقات میں اضافہ کردیا گیا ہے۔
ویکسینیشن سینٹر اب رات 12 بجے تک کام کررہا ہے۔
مشرقی ریجن کے ڈائریکٹرامور صحت ڈاکٹر ابراہیم العریفی نے بتایا کہ سینٹر میں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے پیش نظر ہمیں سینٹر کے اوقات میں اضافہ کرنا پڑا تاکہ ریجن میں رہنے والوں کو سہولت ہو۔
ڈاکٹر العریفی نے مزید بتایا کہ اگرچہ اس وقت ہم نے سینٹر کے اوقات میں اضافہ کر کے اسے رات 12 بجے تک کیا ہے تاہم ضرورت پڑنے پر سینٹر میں 24 گھنٹے بھی خدمات فراہم کرنے کا انتظام موجود ہے۔
ظھران الخبر سینٹر کی گنجائش بڑھانے پر بھی غور کیا جارہا ہے ہے جس پر آئندہ چند دنوں میں کام شروع ہو جائے گا- توقع ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں سینٹر میں یومیہ 12 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کی گنجائش پیدا ہو جائے گی۔
اس وقت مشرقی ریجن کے پہلے سینٹر میں 240 افراد پر مشتمل طبی عملہ مختلف شفٹس میں ذمہ داریاں انجام دے رہا ہے جبکہ سینٹر میں 80 ویکسینیشن رومز قائم کیے گئے ہیں-
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں