Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشرقی ریجن میں پہلا کورونا ویکسینیشن سینٹر قائم

الخبر ویکسینیشن سینٹر میں 80 سے 100 افراد کی گنجائش ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
وزارت صحت کی جانب سے مشرقی ریجن میں کورونا ویکسینیشن مہم کے آغاز کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔
باقاعدہ ویکسینیشن کا آغاز اتوارسے کیا جائے گا تاہم بعض اطلاعات کے مطابق سینٹر کی ’سافٹ اوپننگ‘  اتوار سے کی جائے گی تاہم سرکاری طورپر سینٹر کا افتتاح 28 دسمبر بروز پیر کو ہوگا۔
ویب نیوز اخبار 24 نے سعودی ٹی وی ’الاخباریہ ‘کی رپورٹ کے حوالے سے کہا ہے کہ الخبر، دمام جڑواں شہروں میں پہلے کورونا ویکسینیشن سینٹرمیں ابتدائی گنجائش 80 سے 100 کیبنز کی ہے جہاں بیک وقت لوگوں کو ویکسین لگانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

 کورونا ویکسین لگانے کا پہلا سینٹر ریاض میں کھولا گیا تھا(فوٹو، ٹوئٹر)

ٹی وی رپوٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر مشرقی ریجن میں یہ پہلا سینٹرقائم کیا گیا ہے تاہم جلد ہی ریجن میں مزید سینٹرز بھی قائم کیے جائیں گے۔
مشرقی ریجن میں پہلے سینٹرکے افتتاح کے حوالے سے ٹی وی رپوٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ سینٹرمیں افرادی قوت اور انتظامیہ کے دیگر کارکنوں کی بھی تعیناتی کا عمل جاری ہے۔
سینٹر میں آنے والوں کے لیے وسیع و عریض کارپارکنگ کی بھی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے آنے والوں کو منظم کرنے کےلیے کارکنوں کو ہدایات دینے کا عمل بھی جاری ہے۔
یاد رہے مملکت میں کورونا ویکسین لگوانے کے لیے اب تک رجسٹرڈ افراد کے حوالے سے  وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 5 لاکھ سے زائد افراد نے ’صحتی ‘ ایپ پر خود کو رجسٹرکرایا ہے جبکہ رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
مملکت میں کورونا وائرس سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کےلیے مفت ویکسین لگائی جارہی ہے جس کے لیے پہلا سینٹر ریاض میں کھولا گیا جبکہ دوسرا جدہ اور تیسرا سینٹر الخبرمیں کھولا جارہا ہے۔

شیئر: