Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین ہفتوں تک دیگر شہروں میں بھی ویکسین مہیا کی جائے گی: وزیر صحت

سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ جلد ہی مملکت کے دیگر شہروں میں بھی کورونا ویکسین کے سینٹرز کا افتتاح کیا جائے گا۔ 
ویب نیوز ’عاجل ‘ کے مطابق وزیر صحت نے کورونا ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن میں غیر معمولی اضافہ پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عندیہ دیا ہے کہ آئندہ تین ہفتوں میں مملکت کے بیشتر شہروں میں ویکسینیشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے جن کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ 
دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کورونا ویکسین لگانے کا سب سے پہلا سینٹر ریاض میں کھولا گیا جہاں اس وقت ایک دن میں 10 ہزار افراد کو ویکسین لگانے کی سہولت موجود ہے جس میں ضرورت پڑنے پر مزید توسیع کی گنجائش ہے۔ 

جدہ  ویکسینشن سینٹر میں 84 کمرے بنائے گئے ہیں(فوٹو العربیہ)

مذکورہ سینٹر میں 550 کمرے ہیں جہاں روزانہ صبح آٹھ سے رات گیارہ بجے تک کام ہوتا ہے۔ سینٹر میں طبی ماہرین کی ٹیم ہمہ وقت موجود رہتی ہے۔ 
دوسرا سینٹر جدہ کے شاہ عبدالعزیز ائیر پورٹ نارتھ ٹرمینل پر قائم کیا گیا ہے جہاں ویکسین لگانے کے لیے 84 کمرے مختص کیے گئے ہیں۔ 
تیسرے سینٹر کا افتتاح مشرقی ریجن کے شہر ’الخبر‘ میں کیا گیا اس سینٹر میں بھی 84 کمرے مخصوص ہیں جہاں لوگوں کو کورونا سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگائی جاتی ہے۔ 
ویکسین لگوانے والوں نے سینٹر میں فراہم کی جانے والی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سینٹر میں بہترین انتظامات کیے گئے ہیں جس کی وجہ سے انتظار نہیں کرنا پڑتا۔ 

صحتی ایپ کے ذریعے ویکسین کے لیے رجسٹریش جاری ہے- (فوٹو سبق)

لوگوں کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی اعلی قیادت نے اس وبا سے بچاؤ کے لیے جو خدمات پیش کی ہیں وہ مثالی ہیں۔ حکومت کی جانب سے مفت ویکسین فراہم کرنا بہت بڑا کام ہے۔ 
واضح رہے سعودی عرب میں کورونا سے بچاؤ کے لیے مفت ویکسین لگوانے کی سہولت فراہم کی گئی ہے اس ضمن میں وزارت صحت کی جانب سے ’صحتی‘ ایپ پر ویکسین لگوانے کے لیے رجسٹریشن کی مہم شروع کی گئی ہے۔ 
وزارت صحت کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ اب تک 7 لاکھ سے زائد افراد نے ویکسین لگوانے کے لیے خود کو رجسٹرکرایا ہے جبکہ اس تعداد میں روزبہ روز اضافہ ہورہا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: