Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بابر اعظم کی انجری میں بہتری مگر دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ اتوار سے شروع ہورہا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم  نیوزی لینڈ کے خلاف اتوار سے ہونے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بھی نہیں کھیلیں  گےاور ان کی جگہ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
واضح رہے کہ بابراعظم  دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں فریکچر کی وجہ سے ٹی ٹونٹی سیریز اور پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیل پائے تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق کرائسٹ چرچ پہنچنے پر بابراعظم نے گزشتہ روز مکمل نیٹ سیشن کیا تاہم نیٹ کے دوران انہوں نے اپنے ہاتھ کے انگوٹھے میں ہلکا درد محسوس کیا۔
دو جنوری کو کرائسٹ چرچ میں بارش کے باعث بابر اعظم قومی ٹیم کے نیٹ سیشن کے دوران بیٹنگ پریکٹس نہیں کرسکے، لہٰذا ٹیم منیجمنٹ نے کوئی بھی خطرہ مول نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ 

 

ڈاکٹر قومی کرکٹ ٹیم ڈاکٹر سہیل سلیم کا کہنا ہے کہ’ بابر اعظم کی انجری میں بہتری واضح ہے، انہوں نے گزشتہ روز باقاعدہ نیٹ سیشن میں حصہ لیا ہے۔ ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ بابر اعظم قومی ٹیم کے کپتان اور اہم ترین بیٹسمین ہیں، لہٰذا ہم کوئی جلد بازی نہیں کریں گے۔‘
 ڈاکٹر سہیل سلیم نے کہا کہ ’میڈیکل ٹیم بابر اعظم کی انجری کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کے لیے ہمیں مکمل طور پر دستیاب ہوں گے۔‘
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ اتوار سے شروع ہورہا ہے جو 07 جنوری تک جاری رہے گا۔ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

شیئر: