Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ: ولیمسن اور ہنری کی پارٹنرشپ، پاکستانی بولرز بے بس

نیوزی لینڈ کے اوپنرز کافی دیر تک پاکستانی بولرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔ فوٹو: اے ایف پی
نیوزی لینڈ نے کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تین وکٹوں پر 286 رنز بنائے ہیں اور پاکستان کی پہلی اننگز کے سکور سے صرف گیارہ رنز پیچھے ہے
کپتان کین ولیمسن پاکستانی بولرز کے لیے دردِ سر بن گئے ہیں۔ انہوں نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی سینچری سکور کر لی ہے اور 112 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
انہوں نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کی شراکت میں 215 رنز جوڑے ہیں۔ ہنری 89 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

 

کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے دوسرے دن کھیل شروع ہوا تو نیوزی لینڈ کے اوپنرز کافی دیر تک پاکستانی بولرز کو پراعتماد انداز میں کھیلتے رہے۔
پاکستان کو پہلی کامیابی اس وقت ملی جب ٹام بلنڈل 16 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا مجموعی سکور 52 تھا۔
اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے ٹام لیتھم کو حارث سہیل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا تو پاکستان کا پلڑا بھاری ہو گیا۔ لیتھم نے 33 رنز سکور کیے۔ 
آٹھ اوورز بعد محمد عباس نے راس ٹیلر کو پویلین بھیجا تو نیوزی لینڈ کے تین کھلاڑی 71 کے مجموعی سکور پر آؤٹ تھے مگر اس کے بعد کین ولیمسن نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا اور پاکستانی بولرز کی ایک نہ چلنے دی۔
پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے۔ جس میں اظہر علی 93 اور محمد رضوان 61 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

شیئر: