Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈونلڈ ٹرمپ کا حکام پر دباؤ، ’بائیڈن کو شکست دینے کے لیے ووٹ تلاش کریں‘

دوران گفتگو صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’ میں 11 ہزار 780 ووٹوں کی تلاش میں ہوں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
خفیہ ٹیلی فون ریکارڈنگز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست جارجیا کے حکام کو فون کرکے کہا کہ نو منتخب صدر جو بائیڈن کو جارجیا میں شکست دینے کے لیے ووٹ ’تلاش‘ کریں۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق صدر ٹرمپ نے جارجیا میں رپبلکن سیکرٹری آف سٹیٹ براڈ ریفنسپرجر کو سنیچر کے روز فون کال کر کے کہا کہ وہ الیکشن کے نتائج بدل سکتے ہیں۔
اے پی کے مطابق اس کے پاس صدر ٹرمپ اور براڈ ریفنسپرجر کے درمیان ہونے والی کال کی پوری ریکارڈنگ موجود ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ’میں 11 ہزار 780 ووٹوں کی تلاش میں ہوں۔ ہم اس ریاست میں الیکشن جیت چکے تھے۔‘
براڈ ریفنسپرجر نے کہا کہ جارجیا میں جو بائیڈن کی 11 ہزار 780 ووٹوں سے جیت کی تصدیق سے قبل تین بار ووٹوں کی گنتی کی گئی۔
’صدر ٹرمپ، ہم نے عدالت میں جواب دیا اور ہم اس بات سے متفق نہیں ہیں کہ آپ جارجیا میں جیتے ہیں۔‘
اے پی کے مطابق امریکی صدر نے براڈ ریفنسپرجر کو فون کر کے دباؤ ڈالا کہ وہ صاف شفاف الیکشن کے نتائج کو اُلٹ سکیں۔ ان کی یہ کال اقتدار منتقل کرنے کے قریب دو ہفتے قبل سامنے آئی ہے۔
صدر ٹرمپ کی کال کا دورانیہ ایک گھنٹے پر محیط تھا اور حکام بار بار ان کے دعوؤں کی نفی کرتے رہے، اور کہتے رہے کہ وہ مفروضوں پر یقین کر رہے ہیں۔

ڈیموکریٹس اور کچھ رپبلکنز نے صدر ٹرمپ کے اس فعل کی مذمت کی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اے پی کے مطابق گفتگو میں ایک مقام پر ٹرمپ براڈ ریفنسپرجر اور ریان جرمنی کو ’دھمکیاں‘ دینے پر اتر آئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ ہزاروں ووٹ تلاش نہ کر سکے تو تمام ذمہ داری ان پر ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ’یہ مجرمانہ فعل ہے اور آپ یہ نہیں ہونے دیں گے۔‘
ڈیموکریٹس اور کچھ رپبلکنز نے صدر ٹرمپ کے اس فعل کی مذمت کی ہے، اور ایک ڈیموکریٹ نے اس واقعے کی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

شیئر: