Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹرمپ کا کورونا ریلیف بل پر دستخط سے انکار، رقم بڑھانے کا مطالبہ

امریکی ایوان نمائندگان اور سینیٹ نے پیر کی رات کو یہ بل پاس کیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا ہے کہ وہ 892 ارب ڈالر کے کورونا وائرس ریلیف بل پر دستخط نہیں کریں گے۔ اس بل میں امریکیوں کو وبا کے منفی اثرات سے نمٹنے کے لیے امداد شامل ہے اور صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اس کے تحت ہر افراد کے لیے طے کی گئی رقم کم ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق امریکی حکومت کی سرگرمیاں دسمبر 28 تک فنڈنگ پر چل رہی ہیں اور مالی سال 2021 کے لیے 1.4 کھرب ڈالر کی منظوری کا انتظار ہے جو اس بل کا حصہ ہیں، جس پر ٹرمپ دستخط کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
رخصت ہونے میں صرف ایک ماہ پہلے صدر ٹرمپ کی یہ دھمکی کانگریس کی وبا سے بری طرح متاثر ہونے والے افراد کی امداد کی کوششوں کو مشکل میں ڈال سکتی ہے۔
ٹوئٹر پر پوسٹ ہونے والی ایک ویڈیو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ 'جو بل یہ میرے ڈیسک پر واپس بھیجنے کا ارادہ کر رہے ہیں، یہ اس سے مختلف ہے جس کی امید کی گئی تھی۔ یہ واقعی بہت شرمناک ہے۔'
امریکہ کے ایوان نمائندگان اور سینیٹ نے پیر کی رات کو یہ بل پاس کیا تھا۔
تاہم ٹرمپ کہتے ہیں کہ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس اس بل میں ہر افراد کے لیے چھ سو ڈالر کی رقم بڑھا کر دو ہزار ڈالر یا جوڑوں کے لیے چار ہزار ڈالر تک کرے۔
ٹرمپ نے بل میں لکھی گئی اس رقم پر بھی اعتراض کیا ہے جو کہ دوسرے ممالک، سمتھسونین انسٹی ٹیوشن اور مچھلیوں کی افزائش کے لیے مختص کی گئی ہے۔
ویڈیو میں صدر نے پاکستان میں جمہوریت اور صنفی پروگراموں کے لیے 2.5 کروڑ ڈالر کی منظوری پر بھی اعتراض اٹھایا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ 'میں کانگریس سے یہ بھی کہہ رہا ہوں کہ بل سے فوراً غیر ضروری خرچے ہٹائیں اور مجھے ایک مناسب بل بھیجیں ورنہ اگلی انتظامیہ کو کووڈ ریلیف بل پیکج دینا ہوگا اور وہ انتظامیہ میں ہوں گا۔'
واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس نے اس بل کی منظوری سے قبل کسی اعتراض کا اشارہ نہیں کیا تھا اور امید ظاہر کی تھی کہ ٹرمپ اس پر دستخط کر دیں گے۔
وزیر خزانہ سٹیون منوشن اس بل سے متعلق مذاکرات کا حصہ تھے۔  
ٹرمپ کے اقدامات سے متعلق وائٹ ہاؤس کے کسی افسر کی جانب سے کوئی فوری ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پیلوسی نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ریپبلکنز نے مذاکرات کے دوران نہیں کہا کہ ٹرمپ سٹمیولس چیکس (جو کہ ٹیکس ادا کرنے والے افراد کو دیا جاتا ہے) میں کتنی رقم چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے ڈیموکریٹس سٹمیولس چیکس کی رقم دو ہزار ڈالر کرنے پر ایوان میں ووٹ دیں گے۔ انہوں نے ٹرمپ کے دیگر اعتراضات کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔

شیئر: