سال 2020 میں وزیراعظم عمران خان کی نمایاں کامیابیاں کیا تھیں؟
سال 2020 میں وزیراعظم عمران خان کی نمایاں کامیابیاں کیا تھیں؟
پیر 4 جنوری 2021 15:41
وسیم عباسی -اردو نیوز، اسلام آباد
خارجہ پالیسی کی کامیابیوں میں وزیراعظم کے قطر اور ملائیشیا کے دورے کا ذکر ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
وزیراعظم عمران خان نے نئے سال کے لیے ایک نیا پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت یہ یقینی بنایا جائے گا کہ ملک میں رہنے والے ہر شخص کو خوراک ضرور ملے۔
وزیراعظم کے دفتر سے جاری کی گئی رپورٹ میں گزشتہ سال وزیراعظم عمران خان کی اہم کامیابیوں اور نئے سال کے لیے ان کے عزائم پر روشنی ڈالی گئی ہے۔
رواں سال کے لیے دو اہداف وزیراعظم نے مقرر کیے ہیں جس میں ایک ’صحت سہولت پروگرام‘ کے تحت تمام شہریوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی اور دوسرا کوئی ’پاکستانی بھوکا نہ سوئے‘ کے نام سے پراجیکٹ ہے۔
نئے پراجیکٹ کو احساس پروگرام کے زیراہتمام شروع کیا جائے گا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے علاقوں کی نشاندہی کی جائے گی جہاں لوگوں کو خوراک کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی وزیراعظم کی نمایاں کامیابیوں کو دس مختلف درجوں میں رکھا گیا ہے جن میں صحت، تعلیم، خارجہ، کشمیر، معیشت ، کورونا رسپانس، فلاحی ریاست، ماحول، ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔
کشمیر کے مسئلے پر وزیراعظم کی گزشتہ سال کی کارکردگی کو پانچ نکات میں تقیسم کیا گیا ہے جن میں سے چار ایام کشمیر منانے سے متعلق تھے جبکہ ایک میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے دو بار خطاب بھی کیا۔
کورونا کے حوالے سے این سی او سی کے قیام اور صحت کے معاملے پر پہلی بار قومی سلامتی کونسل کی میٹنگ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ سمارٹ لاک ڈاون، ایک اعشاریہ دو ٹریلین کا ریلیف پیکج شامل ہیں۔
حکومتی رپورٹ کے مطبق ’فلاحی ریاست کے حوالے سے وزیراعظم کی کامیابیوں میں احساس کفالت پروگرام، احساس آمدن پروگرام، احساس سکالرشپ اور احساس نشوونما پروگرام شامل ہیں۔‘
صحت کے شعبے میں وزیراعظم کی نمایاں کامیابیوں میں صحت سہولت کارڈ کا اجرا اور مقامی طور پر طبی آلات کی تیاری کا ذکر کیا گیا ہے جبکہ دو ہسپتالوں کا سنگ بیناد اور ایک کا افتتاح بھی کامیابیوں میں شامل ہے۔
تعلیم کے شعبے میں یکساں نصاب پر اتفاق، اور تین یونیورسٹیوں کے سنگ بنیاد کا ذکر ہے۔
آٹھ ترقیاتی منصوبوں میں وزیراعظم کی کامیابیوں میں نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبے کے تحت بیس ہزار گھروں کے منصوبے کا افتتاح، بی آر ٹی ک افتتاح اور کراچی بحالی منصوبہ اور مہمند و دیامر بھاشا ڈیموں کی تعمیر کا آغاز شامل کیے گئے ہیں۔
معاشی شعبے میں کامیابیوں میں کرنٹ اکاونٹ خسارے کو ختم کرکے ایک اعشاریہ چھ ارب روپے کا سرپلس اور بیرون ملک ترسیلات میں ستائیس فیصد اضافہ جبکہ برآمدات میں پانچ فیصد اضافہ شامل کیا گیا ہے۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے زخائر تیرہ ارب ڈالر تک پہنچائے گئے جو فروری 2018 کے بعد سب سے زیادہ ہیں۔
خارجہ پالیسی کی کامیابیوں میں افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ منی لانڈرنگ، دہشت گردی اور جنسی جرائم کے خلاف قانون سازی اور وزیراعظم کے سینیٹ الیکشن کو اوپن بیلٹ سے کروانے کو بھی کامیابیوں سے گردانا گیا ہے۔