مصباح الحق کو مکی آرتھر کی برطرفی کے بعد کوچنگ کی ذمہ داری دی گئی (فوٹو: اے ایف پی)
دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کا مطالبہ ایک بار پھر زور پکڑنے لگا ہے اور کوچنگ سٹاف کی تبدیلی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے اردو نیوز کے ساتھ گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچنگ سٹاف کی تبدیلی پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ’جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی ہوم سیریز کے بعد نئے ہیڈ کوچ کا انتخاب کیا جائے گا اور اس سلسلے میں کرکٹ بورڈ نے اس بار غیر ملکی کوچ کی تلاش شروع کر دی ہے۔‘
’ہیڈ کوچ کے علاوہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کے مستقبل کے بارے میں نئے آنے والے کوچ ہی فیصلہ کریں گے کہ وہ کس کو اپنی کوچنگ ٹیم کا حصہ بناتے ہیں۔‘
پاکستان کرکٹ ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ میں تین ٹی20 میچز اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جس میں قومی ٹیم صرف ایک ٹی20میچ اپنے نام کر سکی جبکہ ٹیسٹ سیریز میں اسے کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق ’کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔‘
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کے حوالے سے کہا کہ ’کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستانی ٹیم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کرے گی اور اس کے مطابق ہی فیصلے کیے جائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ کوچنگ سٹاف کی تبدیلی کا فیصلہ کرکٹ کمیٹی نے کرنا ہے اور کمیٹی کے اجلاس کے بعد ہی کوئی حتمی بات کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو 2019 کے ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد برطرف کر دیا تھا۔
مکی آرتھر کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق کو ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی تھی، تاہم مصباح الحق نے اکتوبر 2020 میں بطور چیف سلیکٹر اپنے عہدے سے استعفی دے دیا تھا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم 2007 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنے آرہی ہے۔ مہمان ٹیم پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچز کھیلے گی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ 26 جنوری سے نیشنل سٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرا ٹیسٹ چار فروری سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ تینوں ٹی20 میچز راولپنڈی میں ہوں گے۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 11 فروری، دوسرا 13 فروری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی20 میچ 14 فروری کو کھیلا جائے گا۔