Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’قطر کے ساتھ خلیجی ملکوں کے تعلقات ایک ہفتے میں بحال ہوں گے‘

سفارت خانے کسی تاخیر کے  بغیر کھولے جارہے ہیں- (فوٹو ایس پی اے)
متحدہ عرب امارات کے وزیر مملکت برائے  امور خارجہ انور قرقاش نے کہا ہے کہ خلیج کے عرب ممالک قطر کے ساتھ تجارت اور سفری تعلقات ایک ہفتے کے اندر بحال کرلیں گے- اس دوران پروازوں، سمندری کارگو اور کاروبار سے متعلق اقدامات طے کیے جائیں گے۔
الشرق الاوسط کے مطابق اماراتی وزیر نے ویڈیو پریس کانفرنس کے دوران توجہ دلائی کہ جغرافیائی اور سیاسی مسائل کے حل اور اعتبار کی بحالی میں لمبی مدت لگے گی- تاہم سیاسی تعلقات کی فوری بحالی کے حوالے سے خلیجی ممالک پرعزم ہیں-
قرقاش نے بتایا کہ العلا معاہدے کے  مطابق خلیج کے عرب ملکوں کے درمیان سفر اور تجارت کی بحالی دستخط پر ایک ہفتے کے اندر ہوجائے گی- سفارت خانے کسی تاخیر کے  بغیر کھولے جا رہے ہیں-
قرقاش نے بتایا کہ امارات نے مصالحتی عمل کی حمایت کی ہے-
قرقاش نے زور دے کر کہا کہ ترکی اور ایران سے متعلق اصل مسئلہ عرب مفادات اور ریاستی خودمختاری میں مداخلت کا ہے- خلیجی ممالک کے درمیان دراڑ بھرنے سے تمام اختلافات کے باوجود سٹراٹیجک امور پر مشترکہ اتفاق رائے کو تقویت پہنچے گی-
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: