Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورپی یونین اور دیگر کا العلا اعلامیے پر اطمینان

خلیجی تعاون کونسل کے ملکوں میں اتحاد اور تعاون بحال ہوجائے گا۔ (فوٹو سبق)
روس، یورپی یونین اور ترکی نے سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں خلیجی سربراہ اجلاس کے نتائج پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
 میڈیا رپورٹس کے مطابق روس کے نائب وزیر خارجہ اور مشرق وسطی و افریقہ کے لیے روسی صدر کے ذاتی ایلچی میخائل بوگدانوف نے قطر کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ سلطان المریخی کے ٹیلیفونک رابطے پر کہا کہ روس نے قطر اور عرب ملکوں کے درمیان اختلافات پر کرنے والی کوششوں کا موثر انداز میں ساتھ  دیا ہے۔ 
روسی دفتر خارجہ نے بیان جاری کرکے کہا کہ قطری وزیر نے روسی نائب وزیر خارجہ کو سعودی عرب، بحرین، امارات اور مصر کے ساتھ  قطر کے تعلقات کی بحالی سے متعلق مشترکہ اعلامیے اور خلیجی سربراہ اجلاس کے نتائج سے آگاہ کیا تھا۔ 
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق یورپی یونین نے العلا میں منعقدہ خلیجی سربراہ اجلاس کے جاری اعلامیے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے بڑی حد تک علاقائی استحکام مضبوط ہوگا۔
اجلاس کے فیصلوں سے خلیجی تعاون کونسل کے ملکوں میں اتحاد اور تعاون بحال ہوجائے گا۔ 
یورپی یونین میں امور خارجہ کے ذمہ دار نے برسلز میں بدھ  کو بیان میں کہا کہ یورپی یونین، جی سی سی ممالک کے درمیان علاقائی یکجہتی بڑھانے اور کونسل کے ساتھ طویل المیعاد شراکت کے استحکام میں مدد دینے کے لیے تیار ہے۔ 
یورپی عہدیدار نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا  کہ خلیجی ممالک سعودی عرب میں منعقدہ سربراہ اجلاس کے دوران تعلقات کی بحالی پر متفق ہوگئے۔

 ترکی نے بھی العلا اعلامیے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔(فوٹو ایس پی اے)

 ترکی نے بھی قطر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان منقطع تعلقات کی بحالی کی بابت العلا اعلامیے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
ترک دفتر خارجہ نے بدھ کو بیان میں امید ظاہر کی کہ العلا اعلامیہ قطر اور چار عرب اتحادی ممالک کے درمیان کشمکش کے مکمل خاتمے کا باعث بن جائے گا۔
ترک وزارت خارجہ نے یہ بھی کہا ترکی متعدد بار خلیجی تعاون کونسل کے ملکوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی کی بحالی کی خواہش ظاہر کرچکا ہے۔
جی سی سی ممالک کے ساتھ  بنیادی تعاون کے استحکام کی خاطر تعاون کے لیے تیار ہیں کیونکہ ترکی، جی سی سی کا سٹراٹیجک شریک ہے۔

شیئر: