Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں پرفیوم کی صنعت پر راج کرنے والے تاجر کا انتقال

حسین قزاز کا شمار سعودی عرب کی پرفیوم کی صنعت میں سب سے زیادہ پہچانے جانے والے تاجروں میں ہوتا تھا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سعودی عرب کے کاروباری افراد مملکت کے سب سے مشہور تاجر حسین بکری قزاز کے انتقال پر اظہار افسوس کر رہے ہیں جو جمعرات کی صبح دنیائے فانی سے کوچ کر گئے تھے۔
حسین قزاز کی نماز جنازہ مکہ میں ادا کی گئی، جو ان کی جائے پیدائش بھی ہے۔
حسین قزاز کا شمار سعودی عرب کی پرفیوم کی صنعت میں سب سے زیادہ پہچانے جانے والے تاجروں میں ہوتا تھا۔
وہ 1925 میں پیدا ہوئے تھے۔
زندگی کے ابتدائی برسوں میں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مصر رہنے گئے جہاں انہوں نے ابتدائی تعلیم حاصل کی۔
اس کے بعد وہ واپس سعودی عرب آئے اور پرفیوم کا ایک چھوٹا سا کاروبار شروع کیا جو خطے میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا کاروبار بن گیا۔
حیا میگزین نامی جریدے کو 2014 میں دیے جانے والے ایک انٹرویو میں حسین قزاز نے مصر کو 1920 کے اواخر اور 1930 کے اوائل میں 'مشرق کا پیرس' قرار دیا تھا۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی خوبصورت گلیوں اور دکانوں نے اس چھوٹے لڑکے کے ذہن پر گہرا اثر چھوڑا، جو مکہ سے آیا تھا۔‘
انہوں انٹرویو لینے والے کو بتایا کہ ایک بچے کے خواب اس کی کامیابی کی بنیاد ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'خواب ہر کوئی دیکھتا ہے۔ عام لوگ اکثر کامیاب ہونے کا خواب رکھتے ہیں، لیکن ان کا اپنے خوابوں پر یقین جتنا مضبوط ہوتا ہے، اتنا ان کے خواب کا سچ ہونا ممکن ہوتا ہے۔ خواب کا مقصد ہر انسان کے لیے الگ ہوتا ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'میں نے جو 1920 کی دہائی میں قاہرہ میں دیکھا اسے اپنے پیارے ملک لانے کا خواب دیکھا۔ 1950 کی دہائی میں میرا ایک اور خواب تھا۔ میرا ملک اپنی گلیوں اور خوبصورتی میں پیرس جیسا ہو۔ مجھے یقین تھا کہ اپنے خواب کو سچ کرنے کے لیے محنت ضروری تھی۔ خواب ہمارے ساتھ زندہ رہتے ہیں اور ہمیں سانس بند ہونے تک خواب دیکھتے رہنا چاہیے۔'

حسین قزاز کے درآمد کردہ مشہور برینڈز میں ڈیور، گوچی، کارٹیئر، شنیل، مونٹ بلونک، ایوز ساں لوغوں (وائے ایس ایل)، ڈوپونٹ اور ڈنہل شامل ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق حسین بکری قزاز کمپنی کا آغاز 1942 میں ہوا جب وہ سعودی عرب میں پرفیوم درآمد کرنے والے پہلے ایجنٹ بنے۔
77 سال کے عرصے میں گزاز کے برینڈ کے نام سے گھڑیاں، قلم، تحائف، میک اپ اور دیگر اشیا مارکیٹ میں آئیں۔
ان کی درآمد کردہ مشہور برینڈز میں ڈیور، گوچی، کارٹیئر، شنیل، مونٹ بلونک، ایوز ساں لوغوں (وائے ایس ایل)، ڈوپونٹ اور ڈنہل شامل ہیں۔
مئی 2001 میں سابق فرانسیسی صدر یاک شیراک نے حسین قزاز کو 1990 کے دوران مشرق وسطیٰ میں کاسمیٹکس کے سب سے بڑے درآمد کنندہ ہونے پر 'میڈل آف اونر' سے نوازا تھا۔
قزاز شورومز کی کڑی سعودی عرب اور مشرق وسطیٰ کے لگژری سیکٹر میں سب سے مضبوط ریٹیل گروپ ہے۔

شیئر: