Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد کورونا لگ سکتا ہے؟ 

سعودی عرب میں ایک لاکھ 78 ہزار سے زیادہ افراد کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں (فوٹو: سبق)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ تمام شہری اور مقیم غیر ملکی کورونا ویکسین لگوائیں۔ معاشرے کی صحت و سلامتی کے لیے ویکسین لینا ضروری ہے۔
الاخباریہ کے مطابق وزارت صحت نے بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب کورونا ویکسین کی سہولت فراہم کرنے والے ان ملکوں میں سے ایک ہے جنہوں نے سب سے پہلے ویکسین کا بندوبست کیا ہے۔ 
وزارت صحت نے بتایا کہ اب تک مملکت بھر میں ایک لاکھ 78 ہزار 333 سے زیادہ افراد کورونا ویکسین لگوا چکے ہیں۔ ان میں سعودی اور مقیم غیرملکی شہری دونوں شامل ہیں۔  
وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبدالعالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز میں 98 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کورونا وائرس میں بیشتر تبدیلیوں کا نتیجہ وائرس کی کمزوری کی صورت میں برآمد ہوتا ہے۔ انہوں نے اطمینان دلایا کہ تغیر پذیر کورونا ویکسین کے فعال ہونے پر اثرانداز نہیں ہوتا۔ 
 ترجمان نے سفر کے خواہشمند افراد کو مشورہ دیا کہ وہ ایک طرف تو کورونا ویکسین کی خوراک لینے کا اہتمام کریں اور دوسری جانب وائرس سے بچاؤ کی تدابیر کی پابندی کریں۔

ڈاکٹر العبد العالی کے مطابق ویکسین کی پہلی خوراک کے بعد لاپرواہ ہوجانے والے افراد غلطی پر ہیں (فوٹو: ایس پی اے)

عاجل ویب سائٹ کے مطابق العبد العالی سے پریس بریفنگ میں پوچھا گیا کہ کیا ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے ایک یا دو روز بعد وائرس لگ سکتا ہے؟ 
ڈاکٹر العبد العالی نے جواب دیا کہ ‘جو لوگ ویکسین کی پہلی خوراک لینے کے بعد لاپروا ہوجاتے ہیں وہ غلطی پر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پہلی خوراک لینے کے بعد اور دوسری خوراک سے پہلے ایس او پیز کی پابندی ضروری ہے۔ پہلی خوراک  لینے کے ایک دو روز بعد لاپروائی کے نتیجے میں وائرس لگ سکتا ہے۔

شیئر: