’کورونا ویکسین لگوانے والوں میں کوئی منفی علامت نہیں‘
’کورونا ویکسین لگوانے والوں میں کوئی منفی علامت نہیں‘
اتوار 10 جنوری 2021 17:47
جلد تمام لوگوں کو کورونا ویکسین دی جانے لگے گی۔ ( فوٹو سبق)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں بین الاقوامی سفر کے ایس او پیز تیار کرنے والے ماہر موجود ہیں۔ جب اس کی ضرورت پڑے گی رائے عامہ کو آگاہ کردیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان نے اتوار کو نئے کورونا وائرس کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں نے کورونا ویکسین لگوا ئی ہے ان پر کسی قسم کی کوئی منفی علامت نمودار نہیں ہوئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ جن زمروں پر ویکسین ترجیحی بنیاد پر سب سے پہلے دی جارہی ہے ان کا انتخاب خاص خطرات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جلد ہی سعودی عرب میں موجود ہر زمرے کے لوگوں کو کورونا ویکسین دی جانے لگے گی۔
سعودی عرب میں کورونا کے کیسز میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 117 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
اس طرح ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین لاکھ 63 ہزار 809 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ مملکت میں کورونا وائرس کے ایکٹو کیسز کی تعداد 2 ہزار سے کم ہوگئی۔ ایک ہزار 970 ایکٹیو کیسز رہ گئے جن میں سے 309 کی حالت نازک ہے۔