ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی بندش، مودی کے فالورز سب سے زیادہ
ٹرمپ کے اکاؤنٹ کی بندش، مودی کے فالورز سب سے زیادہ
پیر 11 جنوری 2021 18:01
ٹوئٹر نے ٹرمپ کا اکاؤنٹ بند کرنے کی وجہ ’تشدد پر اکسانے کا خطرہ‘ قرار دیا ہے (فوٹو: پکسابے)
امریکی صدر ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد انڈین وزیر اعظم نریندر مودی وہ برسر اقتدار سیاسی رہنما بن گئے ہیں جن کی ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوئنگ ہے۔
العربیہ پر شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق معروف سماجی ویب سائٹ ٹویٹر نے بعض تحفظات پر امریکی صدر ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو مستقل طور پر معطل کر دیا ہے۔
ٹوئٹر نے اس کی وجوہات میں ’تشدد کی نئی تحریک پر اکسانے کا خطرہ‘ قرار دیا ہے۔ ٹوئٹر نے چھ جنوری کے واقعے کے بعد ٹرمپ کا اکاؤنٹ بلاک کردیا تھا جب ان کے سیکڑوں حامیوں نے کیپیٹل ہل پر حملہ کیا تھا جس میں پانچ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
صدر ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل ہونے سے قبل اس پر 88.7 ملین فالورز تھے اور وزیر اعظم مودی کے 64.7 ملین فالورز ہیں جب کہ ابھی تک سابق امریکی صدر براک اوباما ٹوئٹر پر 127.9 ملین فالوورز کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ جہاں تک نئے امریکی صدر جو بائیڈن کی بات ہےان کے ٹوئٹر پر 23.3 ملین فالورز ہیں۔
ٹوئٹر پر اکاؤنٹ بند ہونے کے بعد آنے والے چند روز میں عہدے سے سبکدوش ہونے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئٹر انتظامیہ پر الزام لگایا کہ ’مجھے خاموش کروایا جا رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ٹوئٹر آزادی رائے پر پابندی عائد کرنے میں بہت آگے نکل گیا ہے، آج ٹوئٹر انتظامییہ نے ڈیموکریٹس اور ریڈیکل لیفٹ کے ساتھ مل کر مجھے اور 75 لاکھ عظیم محب وطن لوگوں کو خاموش کرنے کے لیے میرا اکاؤنٹ پلیٹ فارم سے ہٹا دیا ہے۔‘
ٹرمپ کا مزید کہنا تھا ’ٹوئٹر ایک نجی کمپنی ہے لیکن اگر حکومت یا آرٹیکل 230 موجود نہ ہوتا تو یہ اتنے لمبے عرصے تک نہ چلتی۔‘
جمعے کے روز ٹوئٹر نے ٹرمپ کے ذاتی اکاؤنٹ کو معطل کیا تھا۔ سماجی ویب سائٹ کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا تھا ٹرمپ کی ٹویٹس کا بغور جائزہ لینے کے بعد تشدد کو مزید بڑھاوا دینےکے خطرے کے پیش نظر اکاؤنٹ کو مستقل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔